عدالتی حکم نظر انداز کرنے پر اے سی ماڈل ٹائون کے وارنٹ گرفتاری کا تحریری حکم جاری

فاضل عدالت نے کمشنر لاہوراوراسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون کو26 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

جمعہ 23 اپریل 2021 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم نظر انداز کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون محمد ابراہیم ارباب کے وارنٹ گرفتاری کا تحریری حکم جاری کر دیا فاضل عدالت نے کمشنر لاہوراوراسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون کو26 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے اے سی ماڈل ٹائون محمد ابراہیم ارباب کی عدم پیشی پر قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا تحریری حکم جاری کیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون عدالت پیش نہیں ہوئے ۔کمشنر لاہور پیش ہوکر بتائیں کہ عدالتی حکم عدولی پراے سی ماڈل ٹائون کے خلاف کیامحکمانہ کارروائی ہونی چاہئے۔کمشنر لاہوراوراسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون کو 26 اپریل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ریسٹورنٹ کی ممکنہ مسماری کے خلاف لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے شہری راشد مقبول کی درخواست پر سماعت کی۔

شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھاکہ گلبرگ تھری میں 1030 سکوائرفٹ جگہ پر ریسٹورنٹ بنا رکھا ہے۔گلبرگ میں قائم ریسٹورنٹ نقشہ کے مطابق نہ ہونے اور زیادہ اراضی پر قابض ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔پہلے بھی اے سی ماڈل ٹائون ریسٹورنٹ کو مسمار کرنے کیلئے ہراساں کرتارہا ہے جبکہ ایل ڈی اے انتظامیہ نے ریسٹورنٹ کاکچھ حصہ گرایا جس کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا،عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو زیر التوا ء درخواست پر فیصلے کا حکم دیا، ڈی جی ایل ڈی اے کے پاس درخواست زیر التواء ہے اس کے باوجود اے سی ماڈل ٹائون نقشے کے معاملہ پر ہراساں کررہاہے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اسسٹنٹ کمشنر کو ریسٹورنٹ کو مسمار کرنے اور درخواست گزار کوہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں