جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں بلڈ پریشر اور ٹمپریچر کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم

جمعہ 23 اپریل 2021 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2021ء) پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں علاج معالجے کی غرض سے معمول کے مطابق 2ہزار سے زائد مریض روزانہ آتے ہیں جن کے بلڈ پریشر اور ٹمپریچر کو چیک کرنے کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں 24گھنٹے میڈیکل سٹاف تعینات ہوگا تاکہ وہاں آنے والے شہریوں کو غیر ضروری ذہنی کوفت اور پریشانی سے بچایا جا سکے ۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید بتایا کہ اکثر مریض کورونا کے مشتبہ کیس ہوتے ہیں جنہیں متعلقہ شعبے میں ریفر کر کے اُس کی تصدیق عمل میں لائی جاتی ہے۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ کورونا کی تیسری لہر ماضی سے زیادہ خطرناک اور گھمبیر ہے جس سے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف انشاء اللہ اپنی پیشہ وارانہ محنت سے نمٹیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق ، ڈاکٹر عبدالعزیز ،ڈاکٹر شیراز نیازی،انور سلطانہ ،عظمیٰ یاسین، صدف رفیق ، حافظہ کلثوم،آمنہ اوررانا پرویز و دیگر بھی موجود تھے ۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات پر کورونا سے متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں لیکن ہسپتال میں کی جانے والی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بناناہوگا ۔پروفیسر الفرید ظفر نے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ویکسی نیشن کی مفت سہولت حاصل کرتے ہوئے ہمیں اپنے آپ کو محفوظ بنانا چاہیے اور کوروناکے خطرے سے دور رہنا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں