عمران خان کسی دباؤ میں آئیں گے اور نہ ہی انہیں دھمکایا جاسکتا ہے، شاہ محمود قریشی

جہانگیر ترین مجھ سے زیادہ عمران خان کے مزاج کو سمجھتے ہیں، ترین صاحب بتائیں عمران خان اپوزیشن سے لڑے یا پارٹی کے اندر انتشار سے، جہانگیر ترین گروپ کے اجلاس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ردعمل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 18 مئی 2021 23:19

عمران خان کسی دباؤ میں آئیں گے اور نہ ہی انہیں دھمکایا جاسکتا ہے، شاہ محمود قریشی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2021ء) عمران خان کسی دباؤ میں آئیں گے اور نہ ہی انہیں دھمکایا جاسکتا ہے، جہانگیر ترین مجھ سے زیادہ عمران خان کے مزاج کو سمجھتے ہیں، ترین صاحب بتائیں عمران خان اپوزیشن سے لڑے یا پارٹی کے اندر انتشار سے، جہانگیر ترین گروپ کے اجلاس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ردعمل سامنے آ گیا- تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین مجھ سے زیادہ عمران خان کے مزاج کو سمجھتے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی بھی دباؤ میں نہیں آئیں گے،انہیں دھمکایا نہیں جاسکتا،اختلافات ہوتے ہیں مگر انداز درست ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے کا وقت ہے،عمران خان اپوزیشن سے لڑے یا پارٹی کے اندر انتشار سے؟ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں جہانگیر ترین کو اپنا سیاسی حریف نہیں سمجھتا، حج پر روانگی سے قبل میں نے جہانگیر ترین کو گلے لگا کر تلخیاں ختم کر دی تھیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین جن لوگوں کو جمع کررہے ہیں وہ عمران خان کو قائد مانتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے ترین گروپ کے لوگوں کو تمام یقین دہانیاں کرائیں،وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کوئی بھی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، کیا وزیراعظم کی یقین دہانی کے بعد اس طرح کے اجتماعات ہونے چاہییں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان دباؤ میں آئیں گے نہ کور ایشو پر سمجھوتہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی ظفر کو جہانگیر ترین کے کہنے پر تحقیقات کے لیے کہا گیا ہے، انہیں تھوڑا انتظار کرنا چاہیے۔ ان کی یہ حکمت عملی کسی بھی طرح درست نہیں۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماء جہانگیرترین کی کل پیشی ہے، اسی سلسلے میں انہوں نے ہم خیال گروپ کو عشائیہ دیا ، عشائیے میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، اسلم بھروانہ، عون چودھری، امین چودھری اور نذیر چوہان بھی ترین ہاؤس عشائیے میں گئے۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے نئے ارکان بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایم این اے راجا ریاض نے کہا کہ ایف آئی اے اور بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ جہانگیر ترین کی سربراہی میں سیاسی فیصلے بھی لینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی معاملات ٹھیک ہونے کی بجائے خراب ہو رہے ہیں۔ نذیر چوہان نے کہا کہ آپ ہمارے لیڈر ہیں آپکی محبت و خلوص کی خاطر اکٹھے ہوتے ہیں۔ ہمیں جو ملنا تھا مل گیا اب آپ کو فیصلے لینے ہیں آپ قیادت کریں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی آخری وقت تک آپ کا مقدمہ لڑیں۔ ترین گروپ کا لیبل تو لگ گیا ہے اب ہمیں اس کو آگے چلانا چاہیے۔ جہانگیرترین نے کہا کہ اب آئندہ مل کر کوئی لائحہ عمل بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں