بجٹ پر ن لیگی سیاسی بونوں کے نوحے سنائی دے رہے ہیں‘فردوس عاشق اعوان

کچھ لوگ اپنا قد اونچا کرنے کیلئے اپنی مردانگی کا غلط استعمال کرتے ہوئے ،خواتین کے حقوق کی راہ میں رکاوٹ بن جاتے ہیں عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو کرپشن کے ناسور سے پاک کریں گے، وفاقی بجٹ خواتین کو خود مختار بنانے کی طرف اہم قدم ہے

ہفتہ 12 جون 2021 18:37

بجٹ پر ن لیگی سیاسی بونوں کے نوحے سنائی دے رہے ہیں‘فردوس عاشق اعوان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پاکستانی خواتین دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں -خواتین نے ثابت کیاہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں -صنفی مساوات کے بغیر معاشرے کی سوچ کو بدلا نہیں جاسکتا -خواتین کی ترقی و خوشحالی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا حصہ ہے -خواتین کی سرگرم شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا -پی ٹی آئی کی حکومت معاشرے میں خواتین کے استحصال کوختم کرنا چاہتی ہے - قیام پاکستان میں فاطمہ جنا ح قائد اعظم محمد علی جناح کے ہم قدم رہیں - آج تعمیر پاکستان اور استحکام پاکستان میں بھی خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا -ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ نیشنل ویمن کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا - ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مٹھی بھر لوگ اپنا قد اونچا کرنے اور اپنی مردانگی کا غلط استعمال کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کی راہ میں رکاوٹ بن جاتے ہیں- وہ جان لیں کہ خواتین کسی سے کم نہیں اور حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے -انہو ں نے کہاکہ ( ن )لیگ کے سیاسی بونے بجٹ پر نوحے پڑھتے سنائی دے رہے ہیں -انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ جس معیشت کو انہو ں نے گدھ کی طرح نوچا اور تباہ و بربار کیا وہ اپنے پا ں پر کھڑی کیسے ہوگئی - ڈاکٹر فردوس نے کہاکہ عمران خان نے عوامی امنگوں کے مطابق بہترین متوازن بجٹ پیش کرکے قوم کے دل جیت لئے ہیں - عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہو ں نے مشکل ترین حالات میں مہنگائی کے طوفان کا سامنا کیا مگر مایوس نہیں ہوئے -عوام جانتے ہیں کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جو ملک کو کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے - وفاقی بجٹ خواتین کو خود مختار بنانے کی طرف اہم قدم ہے - وفاقی بجٹ خاص طور پر کمزور اور غریب طبقات کی ترجمانی کرتا ہے -بجٹ میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ریلیف فراہم کیاگیاہے -معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت صوبائی بجٹ پیش کرنے جارہی ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود اور امنگوں کے مطابق ہوگا -بجٹ میں عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیاجائے گا -انہو ں نے کہاکہ میں سیاست میں اپنی ذات کیلئے یا روایتی ڈکیتیاں کرنے نہیں آئی - اگر ڈکیتیاں کرنی ہوتیں تو میڈیکل کے شعبے میں زیادہ مواقع تھے - میں سیاست میں پسے ہوئے طبقات کی آواز بلند کرنے آئی ہوں- ہار جیت سیاست کا حصہ ہے میں گرتی ہوں لیکن پھر کھڑی ہوجاتی ہوں - میں نے کپتان سے سیکھا ہے کہ آخری گیند تک کھیلوں اور حوصلے بلند رکھوں- سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کرنے والوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ ڈاکٹر فردوس نے اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹنا -ڈاکٹر فردوس نے معاشرے کی سوچ کو بدلنا ہے اور وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب ہو کر رہے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں