جی سیون ممالک کے اجلاس کا آغاز ملکہ برطانیہ نے الٹی تلوار سے کیک کاٹ کر کیا

ملکہ کے ہاتھ کانپنے پر شہزادی کیٹ مڈلٹن اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھی سکی، ویڈیو وائرل

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 13 جون 2021 08:13

جی سیون ممالک کے اجلاس کا آغاز ملکہ برطانیہ نے الٹی تلوار سے کیک کاٹ کر کیا
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جون2021ء) برطانوی شاہی خاندان کی موجودہ سربراہ ملکہ الزبتھ کے انوکھے انداز  سے کیک کاٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز جنوبی شہر کارنوال میں دنیا کی 7 بڑی معیشتوں والے ممالک (جی سیون گروپ) کا سربراہی اجلاس ہوا۔اس اجلاس میں روایت کے طور پر کیک کاٹا جاتا ہے، ملکہ برطانیہ نے یہ رسم ادا کی مگر انہوں نے چھری کی جگہ تلوار سے کیک کاٹنے پر اصرار کیا۔

ملکہ الزبتھ مُصر تھیں کہ وہ تلوار ہی سے بڑا کیک کاٹیں گی۔ اس دوران اُن کے ساتھ شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن اور کارنوال کامیلا بھی موجود تھیں۔ملکہ برطانیہ کو محافظ نے تلوار لا کر دی تو انہوں نے الٹی تلوار سے ہی کیک کاٹنے کی کوشش کی تو شہزادی کیٹ مڈلٹن اپنی ہنسی ضبط نہ کرسکیں۔

(جاری ہے)


 اس دوران تقریب میں شریک دیگر مہمان بھی مسکرا رہے تھے۔

ملکہ الزبتھ نے الٹی تلوار کیک پر رکھی اور اسے کاٹنے کی کوشش کی تو پاس میں کھڑی خاتون نے بتایا کہ اس کام کے لیے چاقو بھی دستیاب ہے۔اس پر ملکہ نے جواب دیا ’جی ہاں! میں جانتی ہوں کہ چاقو بھی موجود ہے‘۔ انہوں نے شاہی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تلوار سے کیک کاٹنے کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران انہیں مشکل بھی پیش آئی۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین خوب تبصرے کرتے دکھائی دیتے ہیں،جبکہ اس ویڈیو میں ملکہ کا تلوار سے کیک کاٹنا اتنا موضوع بحث نہیں جتنا کیٹ مڈلٹن کا ہنسی پر قابو نہ پانا زیربحث ہے۔

اس تقریب کی میزبانی ملکہ الزبتھ نے کی، جس میں جی سیون ممالک کے سربراہان نے بطور مہمان شرکت کی۔ اس موقع پر ملکہ کی امریکی صدر جوبائیڈن اور اُن کی اہلیہ جِل بائیڈن سے بھی ملاقات ہوئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں