بزدار حکومت نے لاہور میٹرو بس سروس تباہ کر دی

کئی میٹرو بسیں مستقل طور پر ناکارہ ہو گئیں، شدید گرمی میں بسوں کے اے سی کام کرنا چھوڑ گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 16 جون 2021 23:31

بزدار حکومت نے لاہور میٹرو بس سروس تباہ کر دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2021ء) بزدار حکومت نے لاہور میٹرو بس سروس تباہ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کا سب سے پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ لاہور میٹرو بس ان دنوں بدترین حالت کا شکار ہو چکا۔ بتایا گیا ہے کہ کئی میٹرو بسیں مستقل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں جن کی مرمت کرنے کی بجائے انہیں کھڑا کر دیا گیا ہے۔

جبکہ شدید گرمی کے موسم میں بسوں کے اے سی بھی کام کرنا چھوڑ گئے ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کی بسوں میں سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا۔ پنجاب حکومت نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک نئی کمپنی کو لاہور میٹرو کا آپریشنل ٹھیکہ دیا تھا، تاہم کمپنی میٹرو بس کی حالت میں بہتری نہیں لا سکی۔ اس تمام صورتحال میں پنجاب حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لاہور کے سب سے پہلے ماس ٹرانزٹ منصوبے میٹرو بس کی سروسز مزید بہتر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہےکہ لاہور میٹر بس آپریٹ کرنے کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی نئی بسیں آپریٹ کرے گی۔ ملک کے سب سے پہلے جدید ماس ٹرانزٹ منصوبے لاہور میٹرو بس کیلئے 10 سال بعد نئی بسیں حاصل کر لی گئی ہیں۔


بتایا گیا ہے کہ منصوبے کا نیا آپریشنل ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی نے 64 نئی بسیں آرڈر کی تھیں، جو اب کراچی پہنچ گئی ہیں۔ کراچی پہنچنے والی بسوں کو جلد لاہور پہنچا دیا جائے گا۔ کمپنی کی جانب سے اپریل کے ماہ میں ہی نئی بسیں منگوانا تھیں، تاہم کرونا بحران کی وجہ سے نئی بسوں کی آمد میں تاخیر ہوئی۔          

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں