زلفی بخاری کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا،رنگ روڈ تحقیقات کے بعد وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل ہوجائینگے‘ غلام سرور خان

ان سرکاری افسران کیخلاف تحقیقات جاری ہیں جنہوں نے تبدیلی کی،کسی سیاسی شخصیت کا کوئی کردار نہیں‘ وفاقی وزیر ہوا بازی

جمعہ 18 جون 2021 17:42

زلفی بخاری کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا،رنگ روڈ تحقیقات کے بعد وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل ہوجائینگے‘ غلام سرور خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیززلفی بخاری کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا،راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات کے اختتام کے بعد وہ وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل ہوجائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کا اس اسکینڈل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،وہ جوان ہیں لہٰذاوہ قدرے جذباتی ہوگئے اور انہوں نے استعفیٰ پیش کردیالیکن ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری سے تفتیش بھی نہیں کی جارہی ،ان سرکاری افسران کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں جنہوں نے روڈ کے منصوبے میں تبدیلی کی،منصوبے کی تبدیلی میں کسی سیاسی شخصیت کا کوئی کردار نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک بار جب انکوائری ختم ہوجائے گی اور زلفی بخاری تمام الزامات سے بری ہوجائیں گے تو وہ دوبارہ معاون خصوصی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پہلے دن سے ہی مطمئن ہیں کہ ان کا اس اسکینڈل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،مجھے اس معاملے سے سیاسی لگا ئوہے کیونکہ یہ قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی بھی ایک اہم ضرورت ہے، انکوائری کرانے کی ضرورت ہے تاکہ ذمہ داروں کا احتساب کیا جاسکے۔ یہ منصوبہ جلد ہی مربوط حکمت عملی کے ساتھ شروع اور وقت پر مکمل ہوگا۔جب اس بارے میں پوچھا گیا کہ اس منصوبے کو پنجاب حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل نہیں کیا گیا جس کے جواب میںوفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال رقم مختص کی گئی تھی جس میں سے کچھ جاری کردیا گیا تھا۔یہ منصوبہ اب بھی فعال ہے، پنجاب حکومت کو زمینیں حاصل کرنی تھیں اور اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنا تھا اور اس کے راستے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں