گور نرچوہدری سرور سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ملاقات ،عوام دوست بجٹ پر مبارکبادی

سیاسی صورتحال ،حکومتی امور اورکورونا سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی اپوزیشن سوچتی اوردیکھتی رہ جائے گی وفاقی اور صوبائی بجٹ آسانی سے منظورہوجائے گا‘ چوہدری سرور

جمعہ 18 جون 2021 17:42

گور نرچوہدری سرور سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ملاقات ،عوام دوست بجٹ پر مبارکبادی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ،گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عوام دوست بجٹ پر مبارکبادی جبکہ گور نر پنجاب نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا جن کو وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سراہا ۔

تفصیلات کے مطابق گور نر ہائوس لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ملاقات کی جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال ،حکومتی امور اورکورونا سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی جبکہ گور نر اور وزیر اعلی نے اپوزیشن پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آسانی سے وفاقی اور صوبائی بجٹ منظور کر وانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب نے کورونا کے مثبت کیسوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن سوچتی اوردیکھتی رہ جائے گی وفاقی اور صوبائی بجٹ آسانی سے منظورہوجائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرچکا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے ہر اچھے کام میں رکاوٹیں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے جو کسی بھی صورت ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں آئندہ انتخاب کے عمل کو شفاف بنانے کا واحد آپشن الیکٹرونک ووٹنگ ہی ہے مگر اپوزیشن اس معاملے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام، صنعتکار، محنت کش، ملازم اور کسان دوست بجٹ پیش کرکے ہر طبقے کو ریلیف دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہر ضلع کیلئے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج پنجاب حکومت کا شاندار اقدام ہے۔گورنر نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے جبکہ اپوزیشن نے پہلے دن سے ہی حکومت کے خلاف محاذ بنایا ہوا ہے اور ہمیشہ شرمندگی اٹھائی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں سوچنا اور عمل کرنا چا ہیے ۔گور نر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پنجاب بھر کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں میں ہونیوالی پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی اور گور نر پنجاب کے آب پاک اتھارٹی کیلئے اقدامات کو بھی سراہا۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کی سازشی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ منفی سیاست کا مقابلہ عوامی خدمت سے کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں خلل برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انتشار اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کبھی کامیاب نہیں ہو ں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ شوبازی کا دور گزر چکا اب صرف عوام کی خدمت پر فوکس ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخ ساز سالانہ ترقیاتی پروگرام دیا ہے اب پنجاب ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے اور ہر علاقے کیلئے یکساں فنڈز مختص کئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں