خبردار!کورونا ویکسین اپنی ذمہ داری پر لگوائیے،حلف نامے لیے جانے لگے

اگر ویکسین سے ری ایکشن ہوا تو اس کا ذمہ دار وہ شخص خود ہوگا طبی عملہ، محکمہ صحت اور حکومت نہیں ہوگی، حلف نامہ

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 20 جون 2021 08:22

خبردار!کورونا ویکسین اپنی ذمہ داری پر لگوائیے،حلف نامے لیے جانے لگے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) ایکسپو سنٹر لاہور میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں سے ویکسین لگوانے کے لیے حلف نامے پر دستخط کی شرط لگادی گئی۔ویکسین سنٹر کے عملے نے ہر شخص سے انگریزی میں حلف نامہ لینا شروع کردیا جس کے مطابق اگر کسی بھی شخص کو ویکسین سے ری ایکشن ہوا تو اس کا ذمہ دار وہ خود ہوگا طبی عملہ، محکمہ صحت اور حکومت نہیں ہوگی۔

یہ حلف نامہ 40 سال اور اس سے کم عمر افراد سے لیا جارہا ہے۔ جو لوگ پڑھے لکھے نہیں ان سے دستخط کی بجائے حلف نامے پر انگوٹھے لگوائے جارہے ہیں۔ویکسین لگوانے افراد نے اس حلف نامے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ویکسین کے مضر اثرات ہیں تو پہلے بتانا چاہیے تھا اور تشہیر کرنی چاہیے تھی۔ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق ایکسپو سنٹر اب شام 6 بجے کی بجائے رات 8 بجے تک کھلا رہے گا۔

(جاری ہے)

ڈرائیو تھرو پر آج بھی ویکسینیشن کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ ہر شخص اپنی ذمہ داری پر کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائے، ہر ویکسین کے مختلف سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں۔جبکہ دوسری طرف محکمہ صحت پنجاب نے کورونا ویکسین کی کمی کے باعث 2 روز کے لیے ویکسینیشن کا عمل روکنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس ضمن میں جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب میں کورونا ویکسین کاایک دن کا اسٹاک موجود ہے۔ ویکسین کی 2 لاکھ ڈوزز اتوار کی شام تک پہنچ جائیں گی۔بتایا گیا ہے کہ لاہور ایکسپو سینٹر میں ویکسین کا عمل رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔جبکہ پاکستان میں تیار کردہ پاک ویک کورونا ویکسین کے استعمال کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں۔ ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔

ویکسین کو2 تا 8 سینٹی گریڈ پر ذخیرہ کیا جائے گا۔وزارت قومی صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق پاک ویک کورونا ویکسین کو کسی صورت فریز نہ کیا جائے اورسورج کی روشنی سے محفوظ رکھا جائے۔امراض قلب، تنفس، شوگر اور موٹاپے کا شکار افراد پاک ویک لگوا سکتے ہیں۔ حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں، بخار میں مبتلا افراد اور کورونا کے مریض پاک ویک ویکسین نہیں لگوا سکتے۔

کورونا سے صحتیاب افراد بھی پاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ ٹرانسپلانٹ کرنے والے افراد 3 ماہ بعد پاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔کیموتھراپی والے مریض28دن بعد پاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ دمہ، مرگی اور دماغی امراض کا شکار افرادپاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ ہر فرد کو پاک ویک ویکسین کی ایک خوراک لگائی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں