بزدار حکومت لاہور کی حالیہ تاریخ کا سب سے مہنگا منصوبہ شروع کرنے کیلئے تیار

لاہور میں ایک اور سگنل فری کوریڈور تعمیر کرنے کی تیاریاں، ایل ڈی اے کو ملتان روڈ کو براستہ کھاڑک نالہ فیروز پور روڈ سے ملانے کیلئے 7ارب کی لاگت سے پندرہ کلومیٹر کے سگنل فری کوریڈور کے منصوبے پر کام کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 21 جون 2021 23:53

بزدار حکومت لاہور کی حالیہ تاریخ کا سب سے مہنگا منصوبہ شروع کرنے کیلئے تیار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2021ء) بزدار حکومت لاہور کی حالیہ تاریخ کا سب سے مہنگا منصوبہ شروع کرنے کیلئے تیار، لاہور میں ایک اور سگنل فری کوریڈور تعمیر کرنے کی تیاریاں، پنجاب حکومت نے ایل ڈی اے کو ملتان روڈ کو براستہ کھاڑک نالہ فیروز پور روڈ سے ملانے کیلئے 7ارب کی لاگت سے پندرہ کلومیٹر کے سگنل فری کوریڈور کے منصوبے پر کام کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ۔

تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار حکومت نے 3 برس کے وقفے کے بعد پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو دوبارہ ترقیاتی منصوبوں کا گڑھ بنانے کیلئے کمر کس لی۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں اربوں روپے کی لاگت سے ایک نئی سگنک فری کوریڈور کی تعمیر پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایل ڈی اے حکام کی جانب سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو 15 کلومیٹر طویل سگنل فری کوریڈور پربریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملتان روڈ کو براستہ کھاڑک نالہ ، کریم بلاک ،مولانا شوکت علی روڈ ، پیکو روڈ فیروز پور روڈ سے ملایا جائے گا ۔ لاہور شہر کے اس نئے سگنل فری کوریڈور کا ابتدائی تخمینہ لاگت 7ارب روہے لگایا گیا ہے۔ مجوزہ سگنل فری کوریڈور منصوبے پر کریم بلاک کے مقام پر پہلے ہی انڈر پاس فلائی اوور منظور کیا جاچکا ہے، جبکہ کوریڈور میں اکبر چوک پر انڈر پاس یا فلائی اوور تجویز کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جناح ہسپتال، شوق چوک اور ماڈل ٹائون لنک روڈکے مقام پر بھی یکطرفہ انڈر پاس یا فلائی اوور تجویز کیا گیا ہے۔ مجوزہ کوریڈور پر6 مقامات پر دو طرفہ یوٹرن بھی تجویز کیے گئے۔ ایل ڈی اے حکام نے مولانا شوکت علی روڈ پر واقع موچی پورہ ، ستوکتلہ ڈرین سٹاپ ، پنڈی سٹاپ کو بند کرکے یوٹرن تجویز کیے ہیں۔ منصوبے کے حوالے سے ایل ڈی اے نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیسپاک کو سگنل فری کوریڈور کی ڈیزائننگ کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔

ذرائع کا مطابق منصوبہ اگلے مالی سال میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ یہاں واضح رہے کہ بزدار حکومت نئے مالی سال کے آغاز سے قبل ہی لاہور شہر میں 3 میگا منصوبوں کا آغاز کر چکی۔ شاہکام چوک فلائی اوور، گلابی دیوی انڈرپاس اور شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور کا تعمیراتی کام شروع کیا جا چکا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں