عمران خان کے بیان سے زیادتی کے شکار بچوں کے والدین کو بہت تکلیف پہنچی ہوگی

عمران خان نے یہ بات کرکے قوم کو بتایا ہے کہ وہ کس قسم کی سوچ رکھتے ہیں، مریم نواز

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 24 جون 2021 07:05

عمران خان کے بیان سے زیادتی کے شکار بچوں کے والدین کو بہت تکلیف پہنچی ہوگی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جون 2021ء ) خواتین کے لباس کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے یہ بات کرکے قوم کو بتایا ہے کہ وہ کس قسم کی سوچ رکھتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'جو انسان ریپ کے مجرم کو ذمہ دار قرار دینے کے بجائے مظلوم کو ذمہ دار قرار دیتا ہے، اس قسم کی سوچ سے پاکستان کو آزادی چاہیے'۔

انہوں نے کہا کہ 'آپ کو شرم آنی چاہیے اس قسم کی بات کرتے ہوئے، یہ بہت پست سوچ ہے جس کی انہوں نے عکاسی کی، میں اس پر احتجاج ریکارڈ کراتی ہوں، عمران خان کے بیان سے زیادتی کے شکار بچوں کے والدین کو بہت تکلیف پہنچی ہوگی'۔

(جاری ہے)

آصف زرداری اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں کوئی ایسی بات نہیں۔

وزیر اعظم کے کشمیر کے مسئلہ حل ہونے پر پاکستان کے ڈی نیوکلرائزیشن کے حوالے سے بیان پر ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'یہ عوام کے سر پر چوری کے ذریعے مسلط کیے گئے حکمران ہیں، انہیں کوئی حق نہیں کہ عوام کی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والی صلاحیت پر کوئی بات کریں '۔ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان جوہری صلاحیت کے رکھوالے نہیں، اس کے رکھوالے 22 کروڑ عوام ہیں، اس کے لیے پاکستان کی عوام اور سیاسی رہنماؤں نے قربانیاں دیں '۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کو کشمیر کا نام لینا ہی نہیں چاہیے، کشمیر کا سودا آپ کرکے آئے ہیں، پاکستان کا ایٹمی پروگرام اس ملک کی حفاظت کا ضامن ہے، اگر وہ نہ ہوتا تو آج مسئلہ کشمیر کے علاوہ بہت سارے مسائل ایسے کھڑے ہوجاتے جو پاکستان کے لیے ایک ایشو بن سکتے تھے'۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'اس مسئلے پر ایک سلیکٹڈ وزیر اعظم کو بیان دینے کا کوئی حق نہیں '۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'جب آپ پاکستان کی ترقی میں ایک اینٹ کا اضافہ نہیں کرسکے تو کس نے حق دیا کہ آپ پاکستان کے بڑے بڑے منصوبوں کو گروی رکھیں '۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں