الیکشن کمیشن اور این ایف سی ایوارڈ میں مصنوعی اصلاحات نہیں ہونے دیں گے

سندھ کی پارٹی کا طعنہ دینے والوں کوجلد پتہ لگ جائے گا، آصف زرداری

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 24 جون 2021 07:56

الیکشن کمیشن اور این ایف سی ایوارڈ میں مصنوعی اصلاحات نہیں ہونے دیں گے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جون 2021ء )  سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے لاہور میں ڈیرے لگا لیے ہیں اور بلاول بھٹو بھی کشمیر الیکشن کے بعد آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی پارٹی کا طعنہ دینے والوں کوجلد پتہ لگ جائے گا۔ہم نیوز کے مطابق پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ترجمان نے بتایا ہے کہ انہوں نے یہ بات سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ترجمان کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم پنجاب میں دوبارہ ابھر کر سامنے آئیں گے اور سندھ کی پارٹی کا طعنہ دینے والوں کو جلد پتہ لگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بتائیں گے کہ پنجاب اب بھی ہمارا ہے۔آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا کہ جنوبی پنجاب سے مختلف جماعتوں کے اراکین پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور این ایف سی ایوارڈ میں مصنوعی اصلاحات نہیں ہونے دیں گے۔

سابق صدر پاکستان نے کہا کہ ایسی تبدیلیاں پارلیمنٹ میں لاکرکرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا بجٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔ترجمان آصف زرداری کے مطابق انہوں نے کہا کہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا جب کہ مہنگائی 500 فیصد بڑھی ہے۔بلاول ہاوَس لاہور میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 68 ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر کو رات کو بتایا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے جس پر انہوں نے کہا ان کو پکڑتے کیوں نہیں؟ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بے نظیر تھیں انہوں نے دنیا میں اپنی سوچ منوائی، دنیا بھر کے دانش مند آج بینظیر بھٹو پر کتاب لکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر سال کیسب سے لمبے دن 21 جون کو پیدا ہوئی، بھٹو صاحب کہتے تھے یہ سورج کبھی غروب نہیں ہو گا۔آصف زرداری نے کہا کہ اللہ نے بی بی کو اتنی ہمت دی تھی کہ کارکنوں کی مدد سے انہوں نے مشرف کو مکھی کی طرح نکال باہر کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں