حافظ سعید کے گھر کے قریب دھماکا،کئی مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا

سی ٹی ڈی نے مختلف شہروں میں چھاپے مار کر کئی مشکوک افراد کو حراست میں لیا،دھماکے کے مقام کے قریبی علاقے کی جیو فینسنگ مکمل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 24 جون 2021 11:36

حافظ سعید کے گھر  کے قریب دھماکا،کئی مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جون 2021ء ) حافظ سعید کے گھر کے قریب دھماکا،کئی مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے گھر کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات کے دوران  سی ٹی ڈی نے مختلف شہروں میں چھاپے مار کر کئی مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے مقام کے قریبی علاقے کی جیو فینسنگ کر لی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے شواہد محفوظ کرنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔دھماکے کی جگہ سے بال بیرنگ ، لوہے کے ٹکڑے اور گاڑی کے پارٹس اکٹھے کیے گئے ہیں۔۔علاوہ ازیں جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکے میں ممکنہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی بابو صابو انٹر چینج سے لاہور شہر میں داخل ہوئی ، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے گاڑی کے داخلے کی فوٹیج حاصل کرلی ، جس کے تحت گاڑی بدھ کی صبح 9 بج کر 40 منٹ کے قریب داخل ہوئی ، جہاں بابو صابو ناکے پر اس گاڑی کی باقاعدہ چیکنگ بھی کی گئی ، گاڑی کے پولیس چیکنگ کے باوجود دھماکے میں استعمال ہونے پر سوالیہ نشانات کھڑے ہوگئے۔

(جاری ہے)

، جب کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ، دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جس میں قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے ای بلاک جوہر ٹاؤن میں کارروائی کے لیے گاڑی کا استعمال کیا ، دھماکے سے گہرا گڑھا پڑگیا اور ارد گرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں