دوسری شادی کرنے والے افراد کے لیے اہم خبر

بغیر اجازت دوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی کا حق مہر ادا کرنا لازمی قرار دے دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 24 جولائی 2021 16:34

دوسری شادی کرنے والے افراد کے لیے اہم خبر
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2021ء) : دوسری شادی کرنے والے مرد حضرات پر پہلی بیوی کا حق مہر ادا کرنا لازم قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیملی کورٹ میں ایک خاتون کی جانب سے ایک کیس دائر کیا گیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میرے شوہر نے دوسری شادی کی لیکن حق مہر میں لکھا گیا پلاٹ مجھے نہیں دیا۔ خاتون نے حق مہر میں لکھے 10 مرلے کے پلاٹ کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ میرے حق مہر میں لکھا پلاٹ مجھے دلوایا جائے۔

دوران سماعت وسیم راجپوت ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کے بینچ کی اتھارٹی پیش کر دی۔ جس میں کہا گہا تھا کہ مرد اگر بغیر اجازت دوسری شادی کرے گا تو اُسے پہلی بیوی کا حق مہر لازمی ادا کرنا ہو گا۔ عدالت نے وکلا کی بحث کے بعد شوہر اختر کو طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

فیملی کورٹ نے کیس کی مزید کارروائی کو اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیا۔ دوسری جانب وسیم راجپوت ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی ججمنٹ 2021ء پی ایل جے صفحہ نمبر 28 میں یہ بتایا گیا ہے کہ اگر مرد اپنی پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرتا ہے تو اُسے پہلی بیوی کا حق مہر فوری طور پر ادا کرنا ہو گا بصورت دیگر پہلی بیوی شوہر کے خلاف دعویٰ دائر کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ کیس میں حق مہر میں 10 مرلے کا ایک پلاٹ اور 5 تولہ سونا تھا ، مدعی کے شوہر نے بغیر اجازت دوسری شادی کر لی ، اور اس کے باوجود وہ حق مہر ادا نہیں کر رہا۔ یاد رہے کہ جون 2019ء میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری شادی کے خواہشمند افراد کو بُری خبر سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری شادی کے لیے مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری قراردے دی تھی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ دوسری شادی کے لیے بیوی سے اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری ہوگی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پہلی بیوی کی اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کے انکار کے بعد اگر کوئی شخص شادی کرے گا تواسے دوسری شادی پر سزا ہوگی۔ جس کے بعد اگست 2020ء میں سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی یا ثالثی کونسل کی اجازت لازمی ہے، بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فوری طور پر ادا کرنا ہو گا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فورا ادا کرنا لازمی ہو گا۔ مہر معجل ہو یا غیر معجل دونوں صورتوں میں فوری واجب الا ادا ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں