مریم نوازکو مفت مشورہ دے رہا ہوں کہ ان کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی

نواز شریف اور اس کا خاندان سارا مال لوٹ کر لے گئے ہیں اور قوم کو مشکل میں ڈال دیا ہے، شیخ رشید

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 جولائی 2021 07:55

مریم نوازکو مفت مشورہ دے رہا ہوں کہ ان کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف صبح اعلان کریں شام کو وطن واپس لانے کے لیے طیارہ بھیج دوں گا۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے فوج کو احکامات جاری کردیے ہیں کہ کشمیر کے انتخابات میں فوج بھی موجود ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے شک ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) سے زیادہ نشتیں حاصل کرلے گی، مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کر رہی ہے، انہیں مفت مشورہ دے رہا ہوں '۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے وہاں سے رونا پیٹنا ڈال رکھا ہے کہ میں بڑی تکلیف میں ہوں، یہ تکلیف آپ کی اپنی پسند کردہ ہے، صبح اعلان کریں شام کو چارٹر طیارہ بھیج دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف وطن واپس آئیں انہیں بھرپور سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، چاہتا ہوں اچھی حالت میں آجائیں اسی میں سب کا فائدہ ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور اس کا خاندان سارا مال لوٹ کر لے گئے ہیں اور قوم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف اسرائیل اور بھارت نے ہائبرڈ وار کا آغاز کردیا ہے، سوشل میڈیا کہہ رہا ہے کہ آپ را کے ایجنٹوں سے مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کشمیر میں کیا پیغام دے رہے ہیں، نریندر مودی سے آپ پگڑیاں بدلتے ہیں، جاتی امرا کشمیر کے کس نقشے میں ہے، اس ملک کا وزیر داخلہ ہے اصل کشمیری‘۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ کہتے ہیں کہ کشمیر کو فروخت کر رہے ہیں، کشمیری کوئی بھولا نہیں، سارا پاکستان بھی کشمیر کی حمایت سے دستبردار ہوجائے کشمیری اپنی آزادی سے پیچھے نہیں ہٹے گا'۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کرے گا اور پاکستان کشمیریوں کے قدم قدم پر ساتھ چلے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'کشمیر میں جو زبان استعمال کی گئی اس سے کشمیریوں کا دل دُکھا ہے، ساری قوم کو آزادی کشمیر کی جدو جہد میں ایک ہونا چاہیے، کشمیریوں کو توقع ہے کہ پاکستان کشمیر کی آزادی میں یک زباں ہو'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیری قربانی دے رہے ہیں اور آپ میڈیا پر بیان بازی کر رہے ہیں، پاکستان کی ساری سیاست میڈیا پر قید ہوکر رہ گئی ہے، میڈیا سے ہی اگر رہنما بننا ہے تو ریٹنگ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر میں ہوں '۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں