پاکستان میں افغانستان سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہاہے

افغانستان کے پندرہ صوبوں میں دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں جو پاکستان کے لیے خطرہ ہیں، اقوام متحدہ

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 جولائی 2021 08:00

پاکستان میں افغانستان سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہاہے
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں افغانستان سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یواین مانیٹرنگ گروپ نے سیکیورٹی کونسل میں رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے پندرہ صوبوں میں دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں جو پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

یو این مانیٹرنگ ٹیم کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین پر کام کرنے والی القائدہ، داعش اور تحریک طالبان پاکستان میں سرحد پار سے حملے کر سکتے ہیں۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی بھتہ خوری، اسمگلنگ سے فنڈز اکھٹا کر رہی اور افغانستان میں کئی علاقوں سے ٹیکس بھی اکٹھا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق افغان صوبے کنڑ میں ٹیکس وصولی کے جھگڑے پر جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی میں تصادم بھی ہوا ہے۔

جبکہ مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنی ہوگی۔مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیئے اپنے دوسرے انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیرمیں یکطرفہ اورجارحانہ اقدام واپس نہیں کرتا بات چیت نہیں ہو سکتی۔

ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے علاقائی امن کو خراب کرنے کے لئے تخریب کاری کے ثبوت موجود ہیں۔انہوں بھارتی صحافی کو واضح بتایا کہ لاہوردھماکے کے تانے بانے بھارت سے جڑتے ہیں اور اس کے ثبوت بھی سامنے رکھ دیے ہیں، بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنی ہو گی۔مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکومت آر ایس ایس اور فاشسٹ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کے لیے کوشاں رہا ہے مگر بھارت کی ہندوتوا سوچ آڑے آ رہی ہے، بھارتی وزیرخارجہ نے قبول کیا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف کو سیاسی عزائم کیلئے استعمال کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں