صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے ’’ڈورٹوڈورویکسینیشن مہم‘‘ کے پہلے سنٹر کا افتتاح کر دیا

’’ڈورٹوڈور‘‘ویکسینیشن مہم کا بنیادی مقصدپنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کوخطرناک وباء سے محفوظ بناناہے‘ڈاکٹریاسمین راشد 14اگست تک پنجاب کی چالیس فیصدآبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف حاصل کرینگے‘نوازشریف بہترہوچکے ہیں اب واپس آجائیں،میڈیا سے گفتگو

پیر 26 جولائی 2021 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کمشنرلاہورڈویژن کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس کے ہمراہ شاہ جمال ای پی آئی صحت مرکز میں ’’ڈورٹوڈورویکسینیشن مہم‘‘ کے پہلے سنٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہورمدثرریاض ملک ودیگرافسران موجودتھے۔وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے افتتاح کے بعد ویکسینیشن سنٹر کا دورہ کیااور شہریوں کو ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔

کمشنرلاہورڈویژن کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس اور ڈپٹی کمشنرلاہورمدثرریاض ملک نے وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکو ’’ڈورٹوڈور‘‘ویکیسنیشن کے اہداف اور ان کوحا صل کرنے کیلئے اقدامات پربریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈورٹوڈور‘‘ ویکسینیشن مہم کا بنیادی مقصدپنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کوکوروناویکیسین لگاکرخطرناک وباء سے محفوظ بناناہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسینیشن لگارہے ہیں۔ابھی تک پورے پنجاب میں ایک کروڑاڑتیس لاکھ سے زائد افراد کو کوروناویکسین لگاچکے ہیں۔پاکستان میں سب سے زیادہ پنجاب کی عوام کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کو زیادہ سے زیادہ کوروناویکسین لگاکراس خطرناک اور جان لیواوباء کو شکست دیناہوگی۔

اب محکمہ صحت عوام کی سہولیت کی خاطرگھرگھرجاکرکوروناویکسین لگائے گا۔آئیں ویکسین لگاکراس وباء کو شکست دے دیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ 14اگست تک پنجاب کی چالیس فیصدآبادی کو ویکسین لگانے کے ہدف کو حاصل کرینگے۔ آج بھی باقی دنیاکی نسبت کوروناوائرس نے پاکستان کو بہت کم نقصان پہنچایاہے۔پنجاب کے پانچ بڑے شہروں لاہور،فیصل آباد،گجرانوالہ،راولپنڈی اور ملتان میں زیادہ سے زیادہ فرادکوویکسین لگائیں گے۔

صوبہ بھرکی عوام میں کوروناویکسین کی افادیت اجاگرکرنے کیلئے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔ایکسپوسنٹرمیں 350بستروں پرمشتمل فیلڈ ہسپتال قائم ہے۔بعد ازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ لاہورمیں بڑاشہرہونے کی وجہ سے کوروناکی متاثرکرنے کی شدت سب سے زیادہ تھی۔پنجاب میں وافرمقدارمیں کوروناویکسین دستیاب ہے۔

کوروناکی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلایاجاتاہے۔پنجاب میں روزانہ کی بنیادپر ساڑھے تین لاکھ سے زائدافرادکوکوروناویکسین لگارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہاتھاکہ نوازشریف بہترہوچکے ہیں اب وطن واپس آجائیں۔کمشنرلاہورڈویژن کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس نے کہا کہ لاہورکی زیادہ سے زیادہ آبادی کوویکسین لگانے کی کوشش کرینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں