پنجاب اور پاکستان میں تعلیم کی ترویج ہی ہمارا مشن ہے، اس کی تکمیل اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں بھی کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے‘ پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سپیریئر گروپ آف کالجز اینڈ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کی ملاقات

پیر 26 جولائی 2021 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سپیریئر گروپ آف کالجز اینڈ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے ملاقات کی اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان میں تعلیم کی ترویج ہی ہمارا مشن ہے، اس مشن کی تکمیل اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں بھی کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر میں بھی زیادہ سے زیادہ تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ پنجاب اور پاکستان میں معیاری تعلیم کا مزید فروغ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں تعلیم کی ترویج ہماری بنیادی پالیسی کا حصہ رہا ہے، اپنے وزارت اعلیٰ کے دورمیں کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ پورے پاکستان باالخصوص پنجاب میں عوام کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے، انشاء اللہ آئندہ بھی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں نئی یونیورسٹیز کے قیام کی حوصلہ افزائی اور ہر ممکن مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں نشستیں کم ہونے کی وجہ سے طلباء کی بہت بڑی تعداد داخلوں سے محروم رہ جاتی ہے، ہماری کوششوں سے قائم ہونے والے پرائیویٹ تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں اس خلا کو پر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا وزارت اعلیٰ کا دور ہو یا بطور سپیکر انہوں نے ہمیشہ تعلیمی اداروں کی سرپرستی کی ہے، چودھری پرویزالٰہی کی تعلیم دوست پالیسیوں خصوصاً پڑھا لکھا پنجاب کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں