کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے باوجود ڈیلٹا پھیلنے کا انکشاف

کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین لگوانے کے باوجود فیس ماسک ضرور پہنیں، انتباہ جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جولائی 2021 12:30

کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے باوجود ڈیلٹا پھیلنے کا انکشاف
نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2021ء) : امریکی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) نے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے کے باوجود ڈیلٹا کورونا وائرس انسان کو متاثر کرسکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سی ڈی سی نے انتباہ کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین لگوانے کے باوجود فیس ماسک ضرور پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا کورونا وائرس سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لیے انڈور فیس ماسک پہننا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ اب دنیا بھر میں ڈیلٹا کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کا آغاز بھارت سے ہوا تھا۔ قبل ازیں سائنو فارم ویکسین کو کورونا کی ڈیلٹا قسم کے خلاف مؤثر قرار دے دیا گیا تھا۔ جبکہ برطانوی ماہرین نے اپنی تحقیق میں دعویٰ کیا تھا کہ فائزر ویکسین کی دو خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف 88 فیصد مؤثر ہیں، مذکورہ ویکسین کو کورونا کی ابتدائی اقسام کے خلاف نتیجہ خیز اور کارگر قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تحقیق میں مزید کہا گیا کہ کورونا وائرس کی ایسٹرازینیکا ویکسین کی دو خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف 60 فیصد مؤثر رہیں۔ جبکہ تحقیق کے مطابق ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف فائزر ویکسین کی ایک خوراک 36 فیصد جبکہ ایسٹرازینیکا کی ایک خوراک 30فیصد مؤثر رہی۔ دوسری جانب پاکستان میں بھی کورونا کے بھارتی ویرئینٹ پھیل چکا ہے۔ شہر قائد کراچی میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز بے قابو ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق اس وبائی مرض میں مبتلا افراد کی شرح 26 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔کورونا وائرس کے کیسز کی شرح بڑھنے سے شہر میں روزانہ درجنوں آپریشن ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ کراچی کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد تین گنا بڑھ گئی۔ ڈیلٹا وئیرئینٹ کی وجہ سے کراچی کے اسپتالوں پر دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ کورونا وائرس کے ڈیلٹا وئیرئینٹ کی وجہ سے جتنے زیادہ کیس بڑھیں گے اُتنی ہی زیادہ اموات کا خدشہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں