رہنماء ن لیگ محمد زبیر کا پارٹی میں دو بیانیوں کی کنفیوژن کا اعتراف

مسلم لیگ ن کو دیوار میں چن دیا گیا ہے، ایسے ماحول میں پارٹی میں اختلاف ہونا فطری ہے کہ کون سا بیانیہ لے کر چلا جائے۔مرکزی رہنماء مسلم لیگ ن کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 جولائی 2021 22:55

رہنماء ن لیگ محمد زبیر کا پارٹی میں دو بیانیوں کی کنفیوژن کا اعتراف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء محمد زبیر نے ن لیگ میں دو بیانیوں کی کنفیوژن کا اعتراف کرلیا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو دیوار میں چن دیا گیا ہے، ایسے ماحول میں پارٹی میں اختلاف ہونا فطری ہے کہ کون سا بیانیہ لے کر چلا جائے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ پارٹی میں بیانیئے سے متعلق کنفیوژن ہے جس کے باعث لوگوں کے سامنے درست بیانیہ نہیں آسکتا، مسلم لیگ ن کو دیوار میں چن دیا گیا ہے، ایسے ماحول میں پارٹی میں اختلاف ہونا فطری ہے کہ کون سا بیانیہ لے کر چلا جائے۔

واضح رہے محمد زبیر کی بات درست ہے کہ مسلم لیگ ن میں کارکن کنفیوژن کا شکار ہیں، کنفیوژن کی وجہ پارٹی صدر شہباز شریف ہیں، ن لیگی کارکن ایسے میں کنفیوژن کا شکار ہی ہوں گے کہ پارٹی صدر شہبازشریف الیکشن میں دھاندلی ،جیت ہار سے متعلق تاحال ایک لفظ تک نہیں بولا،جس سے شکوک شبہات پیدا ہوتے ہیں، کچھ لوگوں کا کہناہے کہ شہبازشریف آزاد کشمیر الیکشن میں مریم نواز کی انتخابی مہم سے ناخوش ہیں، جبکہ آزاد کشمیر الیکشن میں نائب صدر مریم نواز نے بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی اورپارٹی قیادت کے مئوقف کو پیش کیا، لیکن شہبازشریف شاید سمجھتے ہیں کہ بطور پارٹی صدر ان کی حکمت عملی کو اپنایا جاتا تو آزاد کشمیر الیکشن میں زیادہ نشستیں جیتی جاسکتی تھیں، کچھ لوگوں کا یہ کہنا بھی ہے کہ شہبازشریف کے گرد نیب اور ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کیا ہوا ہے، اگر وہ کھل کر پارٹی قائد نوازشریف کے بیانیئے کی حمایت کرتے ہیں تو ان کو پھر کیسز اور جیل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر ان سب چیزوں کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو یہ بات طے ہے کہ مسلم لیگ ن میں نوازشریف کا بیانیہ ہی چل رہا ہے۔ مریم نواز نے بھی پارٹی قائد اور پارٹی صدر کی ہدایت پر الیکشن مہم چلائی، جبکہ شہبازشریف بھی تاحال پارٹی قائد کی ہدایت پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ لیکن پارٹی کارکن شاید وقت کی نزاکت کو سمجھ نہیں پا رہے، کیونکہ پارٹی کارکن سمجھتے ہیں سیاسی ماحول گرم رہنا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں