آئی جی پنجاب نے پولیس دفاتر میں پیپر لیس ورکنگ کیلئے ڈیجیٹل ’’پنجاب پولیس آفس سسٹم‘‘کا افتتاح کردی

اگست کے بعد اس جدید پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام پولیس دفاتر تک پھیلا دیا جائے گا‘ آئی جی پنجاب انعام غنی

جمعہ 30 جولائی 2021 22:47

آئی جی پنجاب نے پولیس دفاتر میں پیپر لیس ورکنگ کیلئے ڈیجیٹل ’’پنجاب پولیس آفس سسٹم‘‘کا افتتاح کردی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پولیس کے انٹرنل ورکنگ سسٹم کومزید اپ گریڈ کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثرا ستعمال وقت کی اہم ضرورت ہے اسی لئے پنجاب پولیس اپنے تمام آپریشنل اور پبلک سروس ڈلیوری سسٹم کو تیزی سے ماڈرن ٹیکنالوجی پر منتقل کررہی ہے تاکہ تمام پیشہ ورانہ امور مزید شفافیت کے ساتھ بلا تاخیر انجام پائیں اور فورس کی مجموعی کارکردگی مزید بہتر اور فاسٹ ٹریک ہوسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپر لیس ورکنگ کے حوالے سے ڈیجیٹل ’’ پنجاب پولیس آفس سسٹم ‘‘ پنجاب پولیس میں ماڈرن پولیسنگ کے فروغ کیلئے ہونے والے اقدامات کی ایک اہم کڑی ہے جس کے تحت پولیس دفاتر سے نہ صرف روایتی فائل ورک اور ڈاک کلچر کا خاتمہ ہوگا بلکہ اہم دفتری امور سے متعلقہ سرکاری خطوط اور دیگر دستاویزات بلا تاخیر بذریعہ آن لائن متعلقہ سپر وائزری افسران تک پہنچ جائیں گی جس سے انکے بارے فیصلہ سازی مزید تیز اور آسان ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ ’’ پنجاب پولیس آفس سسٹم ‘‘ کا آغاز ابتدائی مرحلے میں سنٹرل پولیس آفس سے ہورہا ہے جبکہ آئندہ ماہ 14اگست کے بعد اس کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع کے پولیس دفاتر تک پھیلا دیا جائے اور سپروائزری اور فیلڈ افسران اپنے موبائل پر بھی اس جدید پروگرام کے تحت دفتری امور سر انجام دے سکیں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ٹیسٹ رن کے دوران افسران سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں ’’ پنجاب پولیس آفس سسٹم ‘‘ کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ انٹرنل ورکنگ کے اس جدید سسٹم سے ہر ممکن استفادہ کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںڈیجیٹل ’’ پنجاب پولیس آفس سسٹم ‘‘ کے افتتاح کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر نے ’’ پنجاب پولیس آفس سسٹم ‘‘ کے بارے افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’’پنجاب پولیس آفس سسٹم‘‘ کے تحت دفتری احکامات اور پیشہ ورانہ امور سے متعلقہ دستاویزات رئیل ٹائم میں اپنی منزل مقصود پر پہنچ جائیں گی جبکہ آغاز میں افسران ،’’پنجاب پولیس آفس سسٹم‘‘ کے تحت دفتری لیٹرز آن لائن بھیجنے کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر سے پرنٹ نکال کر بذریعہ مینول بھی بھیج سکتے ہیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اس پروگرام کے ذریعے سپر وائزری افسران فائل ورک نمٹانے کے ساتھ ساتھ اہم میٹنگ یا دیگر دفتری امور بارے یاد دہانی پیغام بھی بھیج سکتے ہیں جبکہ پیپر لیس ورکنگ کا آغاز قیمتی وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ ماڈرن پولیسنگ کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ’’ پنجاب پولیس آفس سسٹم ‘‘ سے بھرپور استفادہ یقینی بنائیں اورآئندہ تمام دفتری احکامات اس جدید پروگرام کے ذریعے سر انجام دیں ۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کنور شاہ رخ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی ، محمد اکرم نعیم بھروکہ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس فاروق مظہر، آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی لیگل ڈاکٹر معین مسعود ،ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرااور ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیرسمیت دیگر افسران موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں