ویکسین نہ لگوانے والے ریلوے مسافروں پر 10 فیصد جرمانے کا فیصلہ

پاکستان ریلوے کی جانب سے یکم ستمبر سے ان تمام مسافروں پر 10 فیصد کووڈ سرچارج عائد کیا جائے گا جنہوں نے تاحال ویکسی نیشن نہیں کروائی ، مسافروں پر فی ٹکٹ کووڈ سرچارج عائد کیا جائے گا۔ مراسلہ جاری

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اگست 2021 13:58

ویکسین نہ لگوانے والے ریلوے مسافروں پر 10 فیصد جرمانے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء ) پاکستان ریلوے نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ریلوے مسافروں پر یکم ستمبر سے 10 فیصد جرمانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے ان تمام مسافروں پر 10 فیصد کووڈ سرچارج عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے تاحال ویکسی نیشن نہیں کروائی ، مسافروں پر فی ٹکٹ کووڈ سرچارج عائد کیا جائے گا ، اس ضمن میں پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک مراسلے کے مطابق ہیڈ آفس اور تمام ڈویژنل دفاتر (فیلڈ فارمیشنز) سے متعلقہ اعلیٰ حکام کو پشاور ، راولپنڈی ، لاہور ، ملتان ، کراچی اور روہڑی سمیت تمام بڑے اسٹیشنوں پر آئندہ 15 دنوں میں ویکسی نیشن سینٹرز کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جس کے تحت 31 اگست تک تمام ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے گی جب کہ یکم ستمبر 2021 سے تمام مسافروں پر 10 فیصد کوویڈ سرچارج ہوگا جنہوں نے ویکسی نیشن نہیں کروائی۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا کہ یکم جنوری 2022 سے پاکستان ریلوے نے 20 سال سے کم عمر کے مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ 20 سال سے زائد عمر کے افراد کو سفر کے دوران ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوں گے اور یکم اپریل 2022 سے ویکسی نیشن کے بغیر سفر پر مکمل پابندی ہوگی۔ دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری کردی ہیں ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نئی ایڈوائزری کے تحت 9 اگست سے پاکستان آنے والے 6سال کے بچوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دے دی گئی ہے ، پاکستان کے ایئرپورٹس پر 6 سال کے مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ بھی ہوں گے، کورونا وائرس مثبت آنے پر 12 سال کے مسافروں کو قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان آنے سے 72گھنٹے قبل کورونا کی منفی رپورٹ ساتھ رکھنا ہوگی ، کورونا کے پیش نظر پاکستانی ایئرپورٹس پر مزید سخت فیصلے کیے جاسکتے ہیں ، نئی ٹریول ایڈوائزری پر9 اگست سے عملدرآمد شروع ہوجائے گا ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ٹریول ایڈوائزری سے متعلق تمام ایئرپورٹس کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments