’مائرہ قتل سے کوئی تعلق نہیں‘ ملزم ظاہر جدون ضمانت کیلئے عدالت پہنچ گیا

ذاتی رنجش کی بنا پر مقدمے میں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ، کیس کا فیصلہ ہونے سے پہلے غیر معینہ مدت کے لیے جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ ملزم کی جانب سے سیشن کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست کا متن

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اگست 2021 14:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں برطانیہ سے آنے والی لڑکی مائرہ کے قتل کیس کے ملزم ظاہر جدون نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق مائرہ قتل کیس کے ملزم ظاہر جدون کی جانب سے ضمانت کے لیے سیشن عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے ، جس میں ملزم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس نے مائرہ قتل کیس کا چالان جمع کرا دیا اور تمام شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں ، جن میں ملزم سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی جب کہ کیس کا فیصلہ ہونے سے پہلے ملزم کوغیر معینہ مدت کے لیے جیل میں نہیں رکھا جا سکتا ، ذاتی رنجش کی بنا پر مقدمے میں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ، در حقیقیت مائرہ قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے ، اس لیے عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملزم ظاہر جدون کی درخواست ضمانت پر سیشن عدالت نے پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے اور سماعت 10 اگست تک ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز5 میں برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی کو قتل کیا گیا ، ذرائع کے مطابق ماہرہ ذلفقار دو ماہ قبل برطانیہ سے آئی تھی اور ڈیفنس میں اپنی دوست کے ساتھ رہائش پذیر تھی ، قتل کے روز ملازمہ صفائی کے لیے کمرے میں داخل ہوئی تو ماہرہ کی لاش پر پڑی تھی ، پولیس کی ابتدائی تفتیش میں زیادتی یا ڈکیتی میں مزاحمت کے شواہد نہیں ملے۔

27 سالہ مائرہ ذوالفقار کو مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کرنے کا انکشاف ہوا ، پولیس ذرائع نے بتایا کہ مائرہ کو مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کیا گیا ، مائرہ کو قتل کرنے سے قبل باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی ، قتل کے وقت ملزم ظاہر جدون اسلام آباد جب کہ سعد بٹ جوہر ٹاؤن میں تھا، فوٹیج سے ملزموں کی ڈیفنس میں غیر موجودگی کی تصدیق ہوگئی ،جس کے بعد پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا کہ مائرہ کو قتل کرنے کا ٹاسک کس کو سونپا گیا۔

برطانیہ سے لاہور آئی لڑکی مائرہ ذوالفقار کے پراسرار قتل کے حوالے سے لڑکی کے والد کا بیان سامنے آیا ،جس میں مائرہ کے والد ذوالفقار علی نے الزام عائد کیا کہ میری بیٹی مائرہ کو دھوکے سے لندن سے بلوا کر قتل کیا گیا ، مائرہ نے ایل ایل ایم کیا تھا اور وہ پاکستان کے لیےکچھ کرنا چاہتی تھی ، ریاست مدینہ سے پیار کرنے والے وزیراعظم عمران خان ہمیں انصاف دلائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں