عدلیہ کی پاور صرف ججوں کے پاس ہونی چاہئے کسی اور کے پاس نہیں ‘محمد سرور

افغان امن عمل میں پاکستان پہلے دن سے اپنا تاریخی کردار ادا کر رہا ہے،پاکستان کا پہلے دن سے موقف رہاہے کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں

بدھ 4 اگست 2021 21:01

عدلیہ کی پاور صرف ججوں کے پاس ہونی چاہئے کسی اور کے پاس نہیں ‘محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی استحقاق بل پر میرے اعتراضات کسی کو خوش کرنے کیلئے تھے نہ کسی کی ڈکٹیشن لیتاہوں ۔عدلیہ کی پاور صرف ججوں کے پاس ہونی چاہئے کسی اور کے پاس نہیں ۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی ہمارے اتحادی ہیں ان کے ساتھ ابھی مزید2سال چلنا ہے ۔

اراکین پنجاب اسمبلی نے دوبارہ استحقا ق بل منظور کر لیا ہے تویہ ان کی مر ضی ہے۔ وہ بدھ کے روزمقامی ہوٹل لاہور میں پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل ہیلتھ کانفر نس سے خطا ب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے امر یکہ یا کسی اور ملک کے نہیں صرف پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرنے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہاکہ افغان امن عمل میں پاکستان پہلے دن سے اپنا تاریخی کردار ادا کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلے دن سے ہی یہ موقف رہاہے کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ افغانستان میں امریکہ اٹھارہ سال رہنے کے باوجود ناکام رہااس لیے مذاکرات ہی واحد حل ہے۔چوہدری محمدسرور نے پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ استحقا ق بل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے استحقاق بل کو دوبارہ منظور کرلیاہے تو اس پر اعتراض نہیں کر سکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے جو بھی اعتراضات لگائے وہ آئین وقانون کے مطابق ہی ہیں کیونکہ عدالتوں کے علاوہ کسی کے پاس کسی کو سزاسنانے کے اختیارات نہیں ہونے چاہئیں۔اُنہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے جو بھی تحفظات ہوں گے ان کودور کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ میں کوئی ایسی بات نہیں کر نا چاہتا جس سے اتحادیوں کیساتھ معاملات خراب ہوں ۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ کا مستقبل بڑا شاندار ہے اور لاہور میں ہونیوالی پاکستان کی ڈیجیٹل ہیلتھ کانفر نس خوش آئند ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کانفر نس کے ذریعے ہمیں ہیلتھ پالیسی اور اصلاحات کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران بھی ہم نے ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن کے ذریعے لاکھوں افراد کو گھر بیٹھے صحت کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے ملک میں عوام کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے مفت طبی سہولت کی فراہمی کیلئے کام ہورہا ہے انشا اللہ عوام سے کیے جونیوالے وعدوں کے مطابق ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ قبل ازیں گور نر پنجاب نے یوم شہدا پولیس پر اپنے پیغام میںپولیس افسران اور اہلکاروں کی لازوال قربانیوںکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے امن اور عوام کی حفاظت کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم ملکی سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی مقروض ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس سمیت ہمارے سکیورٹی ادارے دشمن کے خلاف مصروف عمل ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پولیس نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک مضبوط پیشہ ور پولیس فورس ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ پولیس نے دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشتگردی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا نے اپنی قیمتی جانیں ملک میں امن کے لیے قربان کی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا نے اپنے خون سے بہادری اور جرات کی تاریخ رقم کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں