شہباز شریف کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے متحرک ہو گئے

سپروائزری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ،انتخابات میں پارٹی ٹکٹس کا فیصلہ صوبائی صدور کی مشاورت سے کیاجائیگا‘ اجلاس میں فیصلہ کنٹونمنٹ بورڈ زکے بلدیاتی انتخابات بھرپور جذبے اور بہترین حکمت عملی سے لڑیں گے‘ صدر مسلم لیگ (ن) کا خطاب صدر مسلم لیگ(ن) کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں رانا ثنااللہ ، اویس لغاری ،ندیم کامران، حنیف عباسی اور دیگر کی شرکت

جمعرات 5 اگست 2021 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے متحرک ہو گئے ، بلدیاتی انتخابات میںکامیابی کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پارٹی اجلاسوںکی صدارت شروع کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی جس میں رانا ثنااللہ خان، اویس لغاری ،ملک ندیم کامران، حنیف عباسی،مفتاح اسماعیل،روحیل اصغر،بلال فاروق تارڑ،حاجی ملک عمر فاروق،چوہدری حامدحمید،محمد بشیر ورک اور دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میںکنٹونمنٹ بورڈ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کی نامزدگیوں اورکامیابی کے لئے حکمت عملی بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سپروائزری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ زکے انتخابات میں پارٹی ٹکٹس کا فیصلہ صوبائی صدور کی مشاورت سے کیاجائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی ناقص پالیسیوں کے ذریعے عوام پر زندگی تنگ کر دی ہے ۔

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں عوام مسلم لیگ (ن) کے حق میں اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام رہنما کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔شہباز شریف نے کہاکہ کنٹونمنٹ بورڈ زکے بلدیاتی انتخابات بھرپور جذبے اور بہترین حکمت عملی سے لڑیں گے،ملک میں مہنگائی ، بیروزگاری اور معاشی تباہی کا سونامی آچکا ہے،عوام کی نمائندگی اور ان کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،عوام کے حقوق کے لئے جو بھی قربانی دینی پڑے دیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ مقصد پر یقین، اتحاد، تنظیم اور دن رات کی محنت سے پارٹی کو کنٹونمنٹ بورڈ زکے الیکشن میں کامیاب کرائیں گے۔ شہبازشریف نے پارٹی عہدیداروں، رہنمائوں اور کارکنان کے جذبے اورپارٹی سے نظریاتی وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں