نیب نے شہباز شریف کے خلاف نئی انکوائری شروع کردی

بہاولپور سیٹلائٹ ٹاؤن میں سرکاری زمین من پسند افراد کو ٹرانسفرکرنے کا الزام ہے،نیب

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 5 اگست 2021 08:57

نیب نے شہباز شریف کے خلاف نئی انکوائری شروع کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اگست 2021ء ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف نئی انکوائری شروع کردی۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے خلاف نیب نے سرکاری زمین ٹرانسفر کرنے پرنئی انکوائری شروع کی اور نیب ایگزیکٹو بورڈ نے آج انکوائری کی منظوری دی۔ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف پر بہاولپور سیٹلائٹ ٹاؤن میں سرکاری زمین من پسند افراد کو ٹرانسفرکرنے کا الزام ہے۔

دوسری جانب نیب نے بھی اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں شہباز شریف کا نام نہیں صرف سابق وزیراعلیٰ پنجاب لکھا گیا ہے۔نیب اعلامیے کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں 11 انکوائریزکی منظوری دی گئی جس میں سابق ایم این اے، سابق کمشنربہاولپور کے خلاف بھی انکوائری شامل ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران اور اہلکاروں، سابق ضلعی ناظم نصیر آباد سکندر عمرانی اور سابق سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ علی احمد مینگل کے خلاف انکوائری کی منطوری دی گئی۔

نیب اعلامیے کے مطابق ایم این اے باسط سلطان کے خلاف انکوائری عدم ثبوت کی بنیاد پربند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف احتساب عدالت اور بینکنگ کورٹ میں مقدمات زیرسماعت ہیں۔دوسری طرف قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 5 انوسٹی گیشنز اور 11 انکوائریز کی منظوری دے دی گئی۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹرپسنی فش ہاربراتھارٹی منیر احمد اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائرکرنیکی منظوری بھی دی گئی۔

نیب کے مطابق ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت سرکاری فنڈز میں خردبردکا الزام ہے،قومی خزانے کو 412.18 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ میگاکرپشن مقدمات کے ملزمان کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی ترجیح ہے،نیب نے3سال سے زائد عرصے میں 533 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمدکیے۔ چیئرمین نیب کامزید کہنا تھا کہ نیب بزنس کمیونٹی کی ملک کی ترقی کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں