منی لانڈرنگ و رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی

جمعرات 16 ستمبر 2021 14:51

منی لانڈرنگ و رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2021ء) لاہور کی احتساب عدالت  نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کے الگ الگ  دو ریفرنسز کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فرد جرم کی کارروائی کے لئے انکے مقرر کردہ نمائندہ وکیل کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

دوران سماعت شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز اپنے نمائندے کے ذریعے ریفرنس کی کارروائی میں شامل ہو گئیں،عدالت نے نمائندے کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کرلیا۔ قبل ازیں عدالت نے عدم پیشی پر نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دے کر کیس ریفرنس سے الگ کر دیا تھا جس پر نصرت شہباز لاہور ہائیکورٹ سے ریلیف لینے کے بعد ریفرنس کی کارروائی میں شامل ہوگئیں۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج نسیم ورک کے روبرو منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگوائی جبکہ احتساب عدالت کے جج ساجد علی نے رمضان شوگرملز ریفرنس پر سماعت کی۔ جہاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے دونوں نے اپنی حاضری لگائی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف خاندان کے ریفرنس کی سماعت کے لئے الگ الگ تاریخ مقرر کی جائے، پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ منی لانڈرنگ ،رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاوسنگ سوسائٹی کے تینوں ریفرنسز میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے ہیں ،ایک ہی روز تاریخ مقرر کرنے سے سماعت متاثر ہوسکتی ہے۔

عدالت نے دونوں ریفرنسز میں کارروائی یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت میں دائر رمضان شوگر ملز ریفرنس کے مطابق سابق وزیراعلی نے اختیارات کا ناجاز استعمال کرتے ہوئے  سرکاری خزانے سے رمضان شوگر مل کے لیے نالہ تعمیر کروایا جس سے قوم کو کروڑوں کا نقصان ہوا ۔نیب ریفرنس کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے2015  میں 36 کروڑ روپے سے مقامی آبادیوں کے نام پر اپنے نجی ملکیتی رمضان شوگر ملز کیلئے نالہ تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے جبکہ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف ،حمزہ شہباز سمیت سولہ ملزمان نامزد ہیں انکے خلاف ریفرنس 55 جلدوں پر مشتمل ہے۔ شہباز شریف ،سلمان شہباز ،حمزہ شہباز، رابعہ شہباز ،نصرت شہباز ، نثار احمد ،شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق ،آفتاب محمود ،محمد عثمان ،طاہر نقوی،قاسیم قیوم ،فاضل داد عباسی اور علی احمد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف چار ملزمان شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق اور آفتاب محمودوعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں