وزیر اعلی عثمان بزدار کا سمبڑیا ل اور سیالکوٹ کا دورہ ، عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر سمیت 15 افسر ہٹا دیئے گئے

سب رجسٹرار رورل سیالکوٹ معطل ، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ ،ای ٹی او، ڈی ایچ او معطل ایکسین آبپاشی مرالہ سب ڈو یژن ، ڈی ایس پی ڈسکہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سیالکوٹ کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا سپرنٹنڈ نٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویمن ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کو بھی معطل کر دیا گیا سیالکوٹ، سمبڑیال، پسروراور ڈسکہ کے چیف آفیسرزبھی خراب کارکردگی، عوامی شکایات اور فرائض سے غفلت پر معطل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تک رسائی کیلئے راستے کیلئے لینڈ ایکوزیشن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت ڈسکہ سمبڑیال روڈ اورشہاب پورہ پل کیلئے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت، ایئرپورٹ سے سمبڑیال چوک تک سڑک کی تعمیر کی منظوری سمبڑیا ل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ،داخل مریض کی خواتین تیمارداروں کی درخواست پر ڈی پی او طلب ، دادرسی کا حکم پراپرٹی ٹیکس کے معاملات کی انکوائری کیلئے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انکوائری افسر مقرر ماڈل پولیس سٹیشن فرنٹ ڈیسک کا معائنہ، ویمن ہیلپ کائونٹر کا جائزہ، حوالات کا بھی معائنہ ، پنکھے نہ چلنے پر اظہار برہمی ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ رجسٹریشن برانچ ،ایکسائز اینڈٹیکسیشن آفس کے دورے، ہر ضلع اور تحصیل میں جاؤں گا‘عثمان بزدار

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سمبڑیال اور سیالکوٹ کا ساڑھے تین گھنٹے طویل دورہ کر کے پبلک سروسز فراہم کرنے والے مختلف اداروں اور محکموں کا وزٹ کیااور فرائض سے غفلت برتنے، عوامی شکایات اور خراب کارکردگی پر 15 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا-وزیر اعلی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کو عہدے سے ہٹا دیا گیا- میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سمبڑیال ،چیف آفیسر تحصیل کارپوریشن سیالکوٹ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر سیالکوٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیالکوٹ کو معطل کر دیا گیا- ایکسین آبپاشی مرالہ سب ڈویژن ، ڈی ایس پی ڈسکہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سیالکوٹ کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا- سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویمن ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ ،چیف آفیسر سمبڑیال،چیف آفیسرپسرور ، چیف آفیسر ڈسکہ اور سب رجسٹرار رورل سیالکوٹ بھی معطل کر دیئے گئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سمبڑیال اور سیالکوٹ میں شہری سہولتو ں کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے مبڑیال روڈ کی تعمیر و مرمت اور12کلو میٹر طویل سب لائن سیالکوٹ سے سمبڑیال تک سٹرک کی ری کارپٹنگ کی منظوری دے دی- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال تک رسائی کیلئے نیا راستہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

نئے راستے کیلئے لینڈ ایکوزیشن کی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو لینڈ ایکوزیشن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ڈسکہ سمبڑیال روڈ کی تعمیر ومرمت کیلئے فوری بقایا فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔شہاب پورہ پل کی تعمیرجلد سے جلد مکمل کی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پل کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ روپے کے فنڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے ایم ڈی نیسپاک کو پیسک کے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی - وزیر اعلی عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں خواتین قیدیوں کے معاملات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ ویمن کی سرزنش کی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے معاملات میں بدانتظامی پر سخت برہم ہوئے - انہو ںنے جیل میں قیدیوں کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی - وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیالکوٹ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کا حکم دیا اور کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں لینڈ ریکارڈ سینٹر ز سے مافیا کا قلع قمع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو تجاوزات اور مافیا کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نالوں کی صفائی کیلئے ہدایات بھی جاری کیں اورایکسائز اینڈٹیکسیشن آفس میں پراپرٹی ٹیکس کے معاملات میں شفافیت لانے کا حکم دیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پراپرٹی ٹیکس کے معاملات کی انکوائری کیلئے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو انکوائری افسر مقرر کر دیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایئرپورٹ سے سمبڑیال چوک تک سڑک کی تعمیر کی منظوری دے دی-سیالکوٹ شہر کی خوبصورتی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈپٹی کمشنر آفس میں آنے والے لوگو ں کے پاس جا کر فرداً فرداً ان کے مسائل پوچھے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دیں-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سیالکوٹ شہر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ہدایات بھی دیں اورشہر میں جاری ترقیاتی کامو ں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا- صوبائی وزراء محمد اخلاق، فیاض الحسن چوہان، رکن پنجاب اسمبلی احسن سلیم بریار بھی اس موقع پر موجود تھی-قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار لاہور سے اچانک سمبڑیال پہنچ گئے اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ سے ہسپتال میں موجود ایک مریض کی خواتین تیمارداروں نے لڑائی جھگڑے کے کیس میں دادرسی کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کو دادرسی اور میرٹ کی یقین دہانی کرائی اور فوری طور پر ڈی پی او سیالکوٹ کو طلب کرکے میرٹ کے مطابق خواتین کی دادرسی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈاکٹروں سے بھی بات چیت کی اور انہیں مریضوں کے ساتھ حسن سلوک کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے ساتھ اچھا سلوک ڈاکٹروں کا شیوہ ہونا چاہیئے اور ڈاکٹروں کو انسانیت کی خدمت کے عزم پر عمل کرنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال کا دورہ کرنے کے بعد تحصیل کمپلیکس سمبڑیال پہنچے اور اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ کرکے ا راضی ریکارڈ کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراضی ریکارڈ سینٹر پر موجودلوگوں سے گفتگو کی اور اراضی ریکارڈ سینٹر سے متعلق شکایات اور تجاویز سنیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراضی ریکارڈ سینٹر میں فرد ملکیت کے اجراء میں تاخیر کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے فرد ملکیت کا اجراء جلدازجلد کرنے کا حکم دیا اور اراضی ریکارڈ سینٹر میں موجود لوگوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں عوام کی سہولت کیلئے 850 دیہی مراکز مال سروسز فراہم کر رہے ہیں۔پنجاب میں 8 ہزار سے زائد اراضی ریکارڈ سینٹر قائم کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اراضی ریکارڈ کی شہریوں کو دہلیز پر فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمبڑیال میں ماڈل پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کرکے ماڈل پولیس سٹیشن کے فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کیا اور ویمن ہیلپ کائونٹر کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ویمن ہیلپ کائونٹر کی ورکنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خاتون افسر سے ویمن ہیلپ کائونٹر کی ورکنگ کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس سٹیشن کی حوالات کا بھی معائنہ کیا اور حوالاتیوں سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمبڑیال ماڈل پولیس سٹیشن میں بند حوالاتیوں سے مسائل دریافت کئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماڈل پولیس سٹیشن کی حوالات میں پنکھے نہ چلنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تھانے میں بند حوالاتی بھی انسان ہیں، پنکھے فوراً مرمت کرائے جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ماڈل پولیس سٹیشن کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماڈل پولیس سٹیشن کی زیر تکمیل بلڈنگ فوراً مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس کو عوام کی خدمت گار اور محافظ ہونا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمبڑیال کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اچانک ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ پہنچ گئے۔ جیل حکام وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دورے سے لا علم رہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے جیل کے گیٹ پر پہنچنے پر دوڑیں لگ گئیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی آمد پر مرکزی دروازے کی چابی لائی گئی اور دروازہ کھولا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل ہسپتال میں مریض قیدیوں کی عیادت کی اور قیدی مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعلیٰ نے جیل ہسپتال میں طبی عملے کی کمی پوری کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیدی مریضوں کا سپیشلسٹ ڈاکٹر سے چیک اپ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ امراض میں مبتلا قیدیوں کو مطلوبہ طبی سہولت فراہم کی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل ہسپتال میں ٹی وی کی بندش پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور قیدیوں کیلئے ٹی وی مرمت کرا نے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل کی مختلف بیرکوں میں بند قیدیوں کے مسائل دریافت کئے اور کہا کہ کوئی پریشان کرتا ہے تو مجھے بتائیں، ملاقات کیلئے رشوت تو نہیں لی جاتی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار لیڈیز بیرک میں گئے اور خواتین قیدیوں سے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین بیرک کے واش روم میں پانی نہ آنے پر اظہار برہمی کیا اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو واش روم کی صفائی اور پانی کی سپلائی بحال کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بیرکوں میں واش روم کی تعداد بڑھانے ہوا کی آمد و رفت کیلئے ایگزاسٹ فین فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین قیدیوں کے بچوں کو دودھ، سویٹ اور بسکٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور خواتین قیدیوں کے مسائل فوری حل کرنے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جیلوں کے وزٹ کرکے قیدیوں کے مسائل کا جائزہ لیتا رہوں گا۔

قیدیوں کے ساتھ ناانصافی اور بدسلوکی کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کی رجسٹریشن برانچ کا دورہ کیا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایکسائز اینڈٹیکسیشن آفس، فیسیلیٹیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور فردا فردا شہریوں کے پاس گئے اور مسائل دریافت کر کے فوری حل کے لئے احکامات جاری کئی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی دفاتر کے دورے کر کے حالات کا جائزہ لیں - انہوں نے کہا کہ میں نے سرپرائز وزٹ دوبارہ شروع کر دیئے ہیں ، ہر ضلع اور تحصیل میں جاؤں گا- عوام کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کئے جائیں گے - صوبائی وزراء اخلاق احمد ، فیاض الحسن چوہان ، رکن پنجاب اسمبلی احسن سلیم بریاربھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں