سیریز منسوخ ہونے سے پاکستان کو دھچکا لگا ہے

نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دی گئی تھی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 ستمبر 2021 15:48

سیریز منسوخ ہونے سے پاکستان کو دھچکا لگا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2021ء) : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز سکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ ہوگئی۔ فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ سے اچانک سیریز منسوخ ہونے پر کہا کہ سیریز منسوخ ہونے سے پاکستان کو دھچکا لگا ہے۔ شعیب اختر نے واضح کیا کہ سکیورٹی کی کلئیرنس کے بعد ہی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئی تھی۔

شعیب اختر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نیوزی لینڈ اور ان کے بورڈ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ کوئی کلب کی ٹیم نہیں ہے نہ ہی کوئی اور ٹیم ہے یہ پاکستان کی قومی ٹیم ہے۔ مجھے غصہ اس بات کا ہے کہ آپ نے دھمکی کس کو دی ہے ؟ ہم دنیا کے سب سے عظیم ملک سے تعلق رکھتے ہیں لہٰذا ہمیں اس طرح دھمکانا بند کریں۔

(جاری ہے)

مستقبل میں آپ جو بھی کہیں سوچ سمجھ کر بولیں ، اگر میں پی سی بی حکام کی جگہ ہوتا تو میں ان کو صاف جواب دیتا کہ نہیں کھیلنا تو نکلو یہاں سے۔ اور ہم اب پانچ سال کے لیے تمہارے ساتھ کھیلیں گے بھی نہیں۔ انہوں نے پی سی بی حکام کو بھی ہدف تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں جو لوگ بیٹھے ہوئے ہیں انہیں بات بھی کرنی نہیں آتی ، سب لوگ ہمیشہ باتیں سنتے ہیں، میں ان کی جگہ ہوتا تو ان کو ایسا جواب دیتا کہ یہ یاد رکھتے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لیںڈ کے مابین سیریز کی منسوخی پر تمام کھلاڑیوں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کے حوالے سے نیوزی لیںڈ کی حکومت اور کرکٹ بورڈ کو سکیورٹی کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو سکیورٹی کے فول پروف ہونے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کرکے انہیں بتایا تھا کہ ہماری سکیورٹی انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کی سکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
تاہم اب یہ سیریز سکیورٹی خدشات کے پیش نظر منسوخ کر دی گئی ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق آج نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا کہ انہیں سکیورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے۔
پی سی بی ترجمان نے کہا کہ ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کروائی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان 18 سال بعد ایک بار پھر اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے کے لیے پرعزم تھا ۔ مہمان ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ اور آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 107 ون ڈے کھیلے گئے جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں