مسلم لیگ (ن) میں کوئی بھی رہنما اسائنمنٹ پرنہیں ہوسکتا اگر ہو تو رہ نہیں سکتا'رانا ثنا اللہ

مفاہمت اور مزاحمت کے حوالے سے کوئی ٹکرائو نہیں ،مفاہمت اور مزاحمت اس لئے ہے شفاف الیکشن ہو'صدر (ن) لیگ

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ جاوید لطیف کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ،جاوید لطیف باعزت طریقے سے شوکاز نوٹس وصو ل کریں اور جواب دیں،سیاست میں گفتگو کے دوران باتیں آگے پیچھے ہوجاتی ہیں،جاوید لطیف نے قواعد و ضوابط سے ہٹ کر جو بھی بات کی ہے انہیں اس کی وضاحت دینی چاہیے ،مسلم لیگ (ن) میں کوئی بھی رہنما اسائنمنٹ پرنہیں ہوسکتا اگر ہو تو رہ نہیں سکتا،حکمرانوں نے ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کو کہاں پہنچا دیا ہے ، کوئی وزیر اعظم عمران خان کا فون سنتا ہے اور نہ انہیں کرتا ہے ،نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے فون سن ہی لیا ہے لیکن ان کی درخواست کو مسترد کر دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایف یو جے کے زیر اہتمام ایف ای سی کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ جاوید لطیف کی وضاحت سے پہلے ان کے بیان پر بات کرنا مناسب نہیں،شوکاز جاری کرنے کا فیصلہ پارٹی کے صدر نے کرنا ہوتا ہے ، شہباز شریف فیصلہ کرنے سے قبل نواز شریف سے مشورہ کرتے ہیںلاہور،اگر نوٹس جاری ہوا ہے تو نواز شریف سے مشاورت کے بعد ہوا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت اور مزاحمت کے حوالے سے کوئی ٹکرائو نہیں ،مفاہمت اور مزاحمت اس لئے ہے کہ شفاف الیکشن ہو،اگر مفاہمت سے یہ شفاف الیکشن کا حق دے دیتے ہیں تو مزاحمت کی ضرورت نہیں رہتی ،اگر آپ یہ حق نہیں دیں گے تو مزاحمت بھی ہوگی لڑائی بھی ہوگی ،صاف اورشفاف انتخابات ریاست کی ذمہ داری ہے یہ ہر قیمت پر حاصل کرنا ہے ،مفاہمت سے مراد سمجھوتہ نہیں ہے اور مزاحمت سے مراد تشدد کرنا نہیں ہے۔

قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ حکومت سے اب پیمرا کے ذریعے ظلم اور زیادتی ہو نہیں رہی تو نئے طریقے آزمائے جارہے ہیں، جب صحافیوں کا مارچ لاہور پہنچے گا تو مسلم لیگ (ن) بھی اس میں شریک ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ یہ حکومت بے عزتی پروف ہے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان میں موجود ہونے کے باوجود سکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کھیلنے سے انکار کر دیا ہے ، انہیں اس پر شرم آنی چاہیے لیکن وہ انہیں آتی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا ہمارے ملک کے وزیر اعظم کا کوئی فون سنتا نہیں اور انہیں کرتا بھی نہیں ،نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے فون اٹھایا تو ان کی درخواست کو مسترد کر دی ا۔آپ نے آنکھیں اور کان بند کر رکھے ہیں لیکن دنیا نے نہیں کئے ۔انہوں نے ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کو کہاں پہنچا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے معاملے پر پھولے نہیں سمارہے ،ڈالر 170پر پہنچ گیا ہے ،تجزیہ نگار کہتے ہیں ڈالر 200پر جاکر رکے گا،عمران خان جو سونامی لانے کی باتیں کررہے تھے وہی آرہا ہے ،لوگوں کو زبردستی آف ایئر کیا جاتا ہے ،تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،نواز شریف اور شہباز شریف کا پیغام ہے کہ ہم ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہیں اور ہر قدم پر کھڑے ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں