نیوزی لینڈ کو بتایا گیا کہ آپ کی ٹیم باہر نکلی تو اس پر حملہ ہو گا

ایک تیسرے ملک نے پاکستان کی بجائے براہ راست انٹیلیجنس اطلاعات نیوزی لینڈ کے ساتھ شئیر کیں جس کے بعد سیریز ملتوی ہو گئی۔سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 18 ستمبر 2021 12:05

نیوزی لینڈ کو بتایا گیا کہ آپ کی ٹیم باہر نکلی تو اس پر حملہ ہو گا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2021ء ) سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک حقیقی تھریٹ موجود تھی جس وجہ سے نیوزی لینڈ نے سیریز منسوخ کی۔غالباَ ایک تیسرے ملک کی جانب سے ان کو یہ بتایا گیا تھا ۔نیوزی لینڈ دنیا کا بڑا ترقی یافتہ ملک ہے،ہمارے ان سے بہت گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔لیکن آخری منٹ پر ایک تیسرے ملک نے انہیں خدشے سے آگاہ کیا اور وہ تیسرا ملک بھی ہمارا برادر ملک ہے۔

مذکورہ ملک کی جانب سے اس تھریٹ سے آگاہ کیا گیا تھا کہ اگر ٹیم باہر نکلی تو اس پر حملہ ہو گا۔ تاہم پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ ہمارے ایسی کوئی انٹیلیجنس اطلاعات نہیں ہیں لیکن انہوں نے (تیسرے ملک ) اپنی اطلاعات پاکستان کے ساتھ شئیر نہیں کیں۔تیسرے ملک نے انٹیلیجنس اطلاعات براہ راست نیوزی لینڈ کے ساتھ شئیر کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن سے بھی بات کی تاہم یہ دورہ ملتوی ہو گیا۔

مزید کیا کہا ویڈیو میں ملاحظہ کیجئے :
واضح رہےکہ گزشتہ روز راولپنڈی سٹیڈیم میں پہلا ایک روزہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے اس اعلان کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بتایاکہ سیکیورٹی تھریٹ کو وجہ بناکر سیریز یکطرفہ طور پر ختم کرنا مایوس کن ہے، خاص کر اس وقت جب کہ تھریٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔ رمیز راجہ نے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے، نیوزی لینڈ بورڈ اب ہمیں آئی سی سی میں سنے گا۔چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ دورہ ختم کرنا کرکٹ فینز اور کھلاڑیوں کے لیے شدید مایوس کن ہے۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دورہ پاکستان ختم کردیا۔چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں ٹیم واپس جارہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں