قائد حزب اختلاف نے الیکشن کمیشن کی خالی نشستوں پر تقرر کیلئے وزیر اعظم عمران خان کو نام ارسال کر دئیے

پنجاب کیلئے جسٹس (ر)طارق افتخار احمد، محمد جاوید انور، جسٹس (ر)مشتاق احمد، خالد مسعود چوہدری، عرفان قادر اور عرفان علی شامل ہیں

ہفتہ 18 ستمبر 2021 12:58

قائد حزب اختلاف نے الیکشن کمیشن کی خالی نشستوں پر تقرر کیلئے وزیر اعظم عمران خان کو نام ارسال کر دئیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کی خالی نشستوں پر تقرر کے لیے وزیر اعظم عمران خان کو نام ارسال کر دئیے ۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا جس کے مطابق وزیر اعظم کو معاملے پر قائد حزب سے سنجیدہ اور بامعنی مشاورت کرنی تھی۔

(جاری ہے)

اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق مشاورت کو موثر بامعنی، بامقصد، اتفاق رائے پر مبنی ہونا چاہیے جس میں صوابدیدی یا ناانصافی کی شکایت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہتی ہو اور اس کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ہر طرح سے سنجیدہ، مخلصانہ اور حقیقی کوششیں کی جائیں۔پنجاب کے ممبران کے لئے شہباز شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو جو نام بھیجے گئے ان میں جسٹس (ر)طارق افتخار احمد، محمد جاوید انور، جسٹس (ر)مشتاق احمد، خالد مسعود چوہدری، عرفان قادر اور عرفان علی کے نام شامل ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ الیکشن کمیشن کے ممبرز کے لیے سید افسرشاہ ، سردار حسین شاہ اور سہیل الطاف کے نام تجویز کیے گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں