پیپلز بینک آف چائنا نے پاکستان چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری سکے جاری کر دئیے

سکوں میں ایک سونے اور ایک چاندی کا سکہ ہے، دونوں زر قانونی طور پر منظور شدہ سکے یا سکہ رائج الوقت ہیں‘ رپورٹ

ہفتہ 18 ستمبر 2021 12:58

پیپلز بینک آف چائنا نے پاکستان چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری سکے جاری کر دئیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) پیپلز بینک آف چائنا نے پاکستان چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری سکے جاری کر دئیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چائنہ کے مرکزی بینک پیپلز بینک آف چائنا نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر سکوں کا ایک مجموعہ جاری کیا ہے۔ سکوں میں ایک سونے کا سکہ اور ایک چاندی کا سکہ ہے۔

دونوں قانونی ٹینڈر یعنی زر قانونی طور پر منظور شدہ سکے یا سکہ رائج الوقت ہیں،دونوں سکوں میں قومی نشان ، ملک کا نام اور جاری ہونے کا سال درج ہے۔دونوں سکوں میں 1951 تا 2021 درج ہے جو کہ پاک چین دوستی کے ستر سال مکمل ہونے کی جانب اشارہ کرتا ہے۔سونے کے سکے کے الٹ پہلو پر لوگو پر ستر کا ہندسہ لکھا ہوا ہے جو کہ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی جانب اشارہ ہے۔

(جاری ہے)

چاندی کے سکے کے الٹ رخ میں چین میں جنت کا مندر (ٹمپل آف ہیون)اور پاکستان میں لاہور کا شاہی قلعہ نمایاں ہے۔سونے کے سکے میں آٹھ گرام خالص سونا ہوتا ہے اور اس کی قیمت 100 یوآن تقریباً 15.43 ڈالرہوتی ہے جبکہ چاندی کے سکے میں 30 گرام خالص چاندی ہوتی ہے جس کی قیمت 10 یوآن ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق پیپلز بینک آف چائنا نے تقریباً 3 ہزار سونے کے سکے اور 10 ہزار چاندی کے سکے جاری کیے ہیں۔اس سے قبل سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ پر جون 2021 میں 70 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں