لاہور؛ خستہ حال مکان کی چھت گرگئی، 13 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق

نشتر کالونی کے 2 منزلہ مکان کی چھت زور دار دھماکے سے نیچے جا گری، ایک ہی گھر کے 3 افراد ملبے تلے دب گئے، باپ بیٹی جاں بحق، ماں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 ستمبر 2021 11:52

لاہور؛ خستہ حال مکان کی چھت گرگئی، 13 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر 2021ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 13 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں واقع نشتر کالونی کے 2 منزلہ مکان کی چھت زور دار دھماکے سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں 3 افراد ملبے تلے دب گئے ، ریسکیو کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا تاہم اس دوران دم گھٹنے سے ایک شخص اللہ دتہ اور اس کی 13 سالہ بیٹی جاں بحق ہوگئے جب کہ اللہ دتہ کی بیوی کو زخمی حالت میں جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق چھت گرنے کا یہ حادثہ مکان کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا ، جاں بحق باپ بیٹی اور زخمی ماں کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد معمول کی قانونی کارروائی عمل مین لائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں شہر قائد کے علاقہ اورنگی ٹاؤن میں گھر کی چھت گر نے سےماں اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے ، پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے حادثاتی طور پر قصبہ کالونی کی آبادی ایم پی آر کالونی کی گلی نمبر 15 میں پیش آیا ، عینی شاہدین کے مطابق گذشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث مٹی کا تودا گھر پر گرنے سے مکان کا کچھ حصہ گر گیا ، خاتون اور اس کے بچے کمرے میں سو رہے تھے کہ اس دوران یہ مکان منہدم ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صبح سویرے پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے منہدم ہونے والے مکان کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا ، پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ملبے سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں جو گھر میں رہائش پذیر خاتون ان کی دوبیٹیوں اور ایک بیٹے کی ہے ، جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں