شبلی فراز کاشہباز شریف کی گھڑی کی قیمت سے متعلق بیان انتہائی مضحکہ خیز ، دورغ گوئی کی انتہا ہے ‘ ملک محمد احمد خان

شہبازشریف نے والد کی دی ہوئی گھڑی پہن رکھی ہے ،آپ جس شخصیت کے فرزند ہیں آپکو بہتان تراشی زیب نہیں دیتی‘ ترجمان شہباز شریف

اتوار 19 ستمبر 2021 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے وفاقی وزیر شبلی فراز کے شہباز شریف کی گھڑی کی قیمت سے متعلق بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دروغ گوئی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ،شہبازشریف نے جو گھڑی پہن رکھی ہے وہ انہیں ان کے والد میاںمحمد شریف نے دی تھی جو انہوںنے 70ء کی دہائی میں جرمنی کے دورے کے موقع پر خریدی تھی اور اس وقت اس کی پاکستانی کرنسی میںمالیت 2000ہزار روپے تھی ، والد محترم سے عقیدت اورلگائو کی وجہ سے شہباز شریف نے 50سال سے وہی گھڑی پہن رکھی ہے جسے کئی مرتبہ مرمت بھی کرایا گیا ۔

اپنے بیان میں مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا کہ شبلی فراز صاحب آپ جس شخصیت کے فرزند ہیں آپ کو ایسی بہتان تراشی زیب نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

آپ کے قائد عمران خان نیازی اور پنجاب میں بیٹھے وسیم اکرم پلس کا شہباز شریف سے کارکردگی کے میدان میں کوئی مقابلہ نہیں اس لئے آپ مضحکہ خیز باتوں کے ذریعے بے پرکی اڑا رہے ہیں ۔

آپ جو مرضی کر لیں عوام نے آپ کے کڑے محاسبہ کا فیصلہ کر لیاہے اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج اس کی ایک جھلک ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کی عوام کو سرکاری ہسپتالوںمیں مفت ادویات دیں ،پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے کیلئے سہولت بازار لگائے ، عوام کو سفر کی بہترین سہولیات کیلئے اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بسوں کے منصوبے دئیے ، ہونہار بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ،آپ بتائیں شریف خاندان کے بغض اور حسد میں جلنے والے عمران نیازی اور وسیم اکرم پلس کے کریڈٹ پر عوام کے استحصال کے سوا اور کیا ہے ۔

آپ نے میٹرو ٹرین کا افتتاح کر کے اس منصوبے کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کی کیونکہ عوام جانتے ہیں آپ کے ہاتھ میں عوام کی خدمت کی لکیر ہی نہیں ہے ۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حکمران عوام کو لطیفے سنانے کی بجائے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ان کے دکھوںکا مداوا کریں کیونکہ موجودہ دور میں عوام تین سے ایک وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں اور اس کا حصول بھی مشکل بنا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے امیدوار یہ سوچ رہے ہیںکہ وہ آئندہ عام انتخابات میں کس منہ اور کارکردگی کے ساتھ عوام کے پاس دوبارہ ووٹ مانگنے جائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں