صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان چوہدری کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات،سیاسی امور ،ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

تحریک انصاف کی آزاد کشمیر کے انتخابات میں شاندار کامیابی نے ثابت کیا عوام حکومتی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں، عثمان بزدار آزاد کشمیراب حقیقی معنوں میں ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا،گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے، وزیراعلی پنجاب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدلا ہوا ہے،کشمیری عوام نے اپنے لہوسے آزادی کی شمع روشن کی ہوئی ہے، بیرسٹر سلطان وزیراعظم نے ہر فورم پر تنازعہ کشمیر کا مقدمہ جرات اوردلیل سے لڑا ہے،پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے ،تمام علاقوں کی یکساں ترقی کا ویژن ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے، صدر آزاد کشمیر

پیر 20 ستمبر 2021 18:13

صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان چوہدری کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات،سیاسی امور ،ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ ہائوس لاہور میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزاد جموں و کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اورنیک خواہشات کا اظہارکیا۔

وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار عثمان بزدار اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور کشمیری عوام پر ظلم وستم کی مذمت کی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ عوام حکومتی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیراب حقیقی معنوں میں ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔آزاد کشمیر الیکشن میں بھی شفافیت اور خدمت نے منفی سیاست کو شکست دی۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت مسلسل لاک ڈاؤن سے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکار کی جبرو استبداد کی پالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

بھارت اپنی آگ میں خود جل رہا ہے۔وہ دن دورنہیں جب بھارت کے کئی ٹکڑے ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ہمارے دل کشمیر کیلئے اورکشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ترقی کے سفر میں پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے آزاد کشمیر کا ساتھ دے گا۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر الیکشن میں بھرپور سپورٹ پر وزیراعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

صدر ریاست نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدلا ہوا ہے۔کشمیری عوام نے اپنے لہوسے آزادی کی شمع روشن کی ہوئی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر تنازعہ کشمیر کا مقدمہ جرات اوردلیل سے لڑا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی محنت رنگ لارہی ہیں۔عثمان بزدار کا تمام علاقوں کی یکساں ترقی کا ویژن ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے لاہور کھاریاں موٹروے کو سرائے عالمگیر کے ذریعے میرپور سے لنک کرنے کے لئے بھی کہا۔ جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کا جائزہ لے کر سرائے عالمگیر کو میرپور سے بذریعہ موٹر وے ملایا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہوٹہ سے آزادپتن روڈ پر تعمیر میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

یاد رہے کہ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کچھ روز قبل کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بریفنگ لی تھی جس پر انہیں نشاندہی کی گئی تھی کہ سڑک کی تعمیر میں مقامی سطح پر مشکلات درپیش ہیں جس پر آج وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔ اسی طرح بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا کہ وزیر اعلیٰ نے اُن کے کہنے پر دینہ میرپورروڈ کی تعمیر کروائی جو کہ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طرف سے میرپور کے دورے کی دعوت قبول کر لی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں