وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا امن کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 20 ستمبر 2021 22:08

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا امن کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورپاکستانی امن پسند قوم ہے ۔پاکستان او راس کے عوام امن کی اہمیت اور ضرورت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پاکستانی قوم سے زیادہ کسی اور قوم نے امن کیلئے قربانیاں نہیں دیں-دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے اپنے لہو سے امن کی تاریخ رقم کی ہے - علاقائی اور بین الاقوامی امن کی کوششوں میں پاکستان ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔

پاکستان کا آگ سے امن تک کا سفر شہداء کی قیمتی قربانیوں کا مرہون منت ہے - شہداء امن کے پیامبرہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے - پاکستان کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دینے کے بعد امن نصیب ہوا ہے -انہوں نے کہا کہ بھارت کا انتہا پسند انہ رویہ خطے میں امن کے لئے خطرہ ہے -مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار نے غیر قانونی اقدام کرکے امن کی تمام کوششوں کوسبوتاژ کیا - مقبوضہ کشمیر ،فلسطین اور بعض علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں ۔

(جاری ہے)

غربت،ناانصافی، جہالت، محرومی، جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔امن کا براہ راست تعلق ترقی اورخوشحالی سے جڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور پرامن ملک ہے۔ ملک میں امن کیلئے اپنا آج قربان کرنیوالے وطن کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم امن کو منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں