نیشنل ٹی ٹونٹی کے لیے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی

ٹورنامنٹ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 50 سے 500 روپے تک مقرر کی دومرحلوں پر مشتمل ٹورنامنٹ 23 ستمبر سے 13 اکتوبر تک بالترتیب راولپنڈی اور لاہور میں کھیلا جائے گا

منگل 21 ستمبر 2021 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) قومی ستاروں سے سجی نیشنل ٹی ٹونٹی کی کہکشاں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت (آج ) بدھ سے شروع ہوگی،دومرحلوں پر مشتمل ٹورنامنٹ 23 ستمبر سے 13 اکتوبر تک بالترتیب راولپنڈی اور لاہور میں کھیلا جائے گا۔کرکٹ تماشائی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کے اسٹینڈز سے سنسنی خیز میچز دیکھنے کے لیے (آج ) بدھ کی رات آٹھ بجے سے بک می ڈاٹ پی کے پر ٹکٹ بک کرواسکتے ہیں۔

23 ستمبر سے 3 اکتوبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے 18 میچز کے لیے سہیل تنویر، شعیب اختر، یاسر عرفات اور میراں بخش اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 200 روپے جبکہ عمران خان (فیملی انکلوڑر)، جاوید میانداد، جاوید اختراور اظہر محمود اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

6سے 13 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والی15 میچز کے لیے انضمام الحق، سعید احمد، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیر عباس، حنیف محمداور ماجد خان اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 50 روپے جبکہ عبدالقادر اور سرفراز احمد اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے ، جاوید میانداد، عبدالحفیظ کاردار، راجاز (فیملی انکلوڑر) اور سعید انور اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 200 روپے اور عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق 25 فیصدتماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم فینز سے درخواست ہے کہ وہ کوویڈ 19 سے متعلق پی سی بی اور حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔تمام تماشائیوں کے لیے اپنے ویکسین سرٹیفیکٹ ہمراہ لانا ضروری ہوگا۔پاکستان بھر میں ٹکٹ ایم اینڈ پی سیلز دفاتر سے فون پر یا آن لائن خریدے جا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے (03137786888) رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ آن لائن ٹکٹ خریدنے کے لیے اس ویب سائٹ www.Bookme.pk پر رابطہ کریں۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments