لاہور میں 15 سالہ ملزم نے لڑکی کے معاملے پر 14 سالہ لڑکے کو قتل کردیا

ملزم رضا مقتول طلحہ کی کزن سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اس لڑکی کے ساتھ طلحہ کی شادی ہونے کے شک پر اسے قتل کردیا۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 ستمبر 2021 11:37

لاہور میں 15 سالہ ملزم نے لڑکی کے معاملے پر 14 سالہ لڑکے کو قتل کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2021ء) : لاہور میں 15 سالہ لڑکے نے ایک لڑکی کے معاملے پر 14 سالہ لڑکے کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ کے حوالے سے پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ لاہور کے علاقہ میں ایک 15 سالہ ملزم رضا منگل کی شام ساڑھے سات بجے 14 سالہ طلحہ کو ورغلا کر ایک زیر تعمیر مکان میں لے گیا اور وہاں جھگڑے کے بعد گلے پر چھری مار کر اسے قتل کر دیا۔

پھر ملزم نے خود ہی مساجد میں اس کی گمشدگی کے اعلانات کروائے اور ورثا کے ساتھ اسے ڈھونڈتا بھی رہا۔ محلے دار جب تلاش کرتے کرتے زیر تعمیر مکان تک پہنچے تو وہاں طلحہ کی لاش پڑی تھی۔ پولیس کو لاش کے پاس رضا کی ٹوٹی ہوئی عینک بھی ملی جس پر اسے حراست میں لیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے پر ملزم رضا نے قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق قاتل رضا کی عمر 15 سال ہے ۔ ملزم رضا مقتول طلحہ کی کزن سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اس لڑکی کے ساتھ طلحہ کی شادی ہونے کے شک پر اسے قتل کردیا۔ ملزم نے پولیس کو دئے گئے بیان میں کہا کہ اس نے مقتول کی کزن کے گھر رشتہ بھی بھیجا تھا جس سے انکار ہوگیا تھا۔ ملزم نے موقع واردات پر اپنی عینک ٹوٹنے پر یہ ڈرامہ رچایا کہ طلحہ اس کی عینک لے کربھاگ گیا تھا اور واپس نہ آیا تاہم اسی عینک نے ملزم کو پکڑوا دیا۔

نوجوان لڑکے کے قتل پر والدین شدت غم سے نڈھال تھے۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا تھا اور چند ہی گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ رضا بہانے سےطلحہٰ کو علاقے میں واقع زیرِ تعمیر گھر کے تہہ خانے میں لے گیا، وہاں جا کر پہلے سر پر اینٹ ماری اور تشدد کا نشانہ بنایا اور جب طلحہٰ بے ہوش ہو گیا تو اسے تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔ پولیس نے طلحہٰ کے قتل کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ عدم برداشت کی بنا پر ایسے کئی واقعات ہیں جو آئے روز رپورٹ ہوتے ہیں لیکن قتل کی وارداتوں میں کم سن بچوں کا ملوث ہونا خطرے کی گھنٹی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں