مفتی تقی عثمانی کا بطور صدر وفاق المدارس انتخاب دینی مدارس کے بہتر مستقبل کی نوید ہے‘ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے ٹیلیفونک گفتگو، بلامقابلہ صدر وفاق المدارس منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا

جمعرات 23 ستمبر 2021 19:46

مفتی تقی عثمانی کا بطور صدر وفاق المدارس انتخاب دینی مدارس کے بہتر مستقبل کی نوید ہے‘ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے نومنتخب صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انہیں بلامقابلہ وفاق المدارس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے مفتی تقی عثمانی کے انتخاب کو دینی مدارس کے بہتر مستقبل کی نوید قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی کی صدارت میں وفاق المدارس کی دینی تعلیم کے خدمات میں مزید وسعت پیدا ہوگی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی کا انتخاب وطن عزیز میں دینی تعلیم کے فروغ کا باعث بنے گا اور نئی نسل کے مدارس کی طرف رجوع میں اضافے کا ذریعہ ہوگا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مفتی تقی عثمانی کے انتخاب کو صائب اور بروقت فیصلہ قرار دیا۔ اس موقع پر مفتی تقی عثمانی نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی اور ان کے خاندان کی علماء کرام اور دینی مدارس سے محبت کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ کی طرح دینی مدارس اور وفاق المدارس کے ساتھ ہرممکن تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں