پنجاب صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے، ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،صوبائی وزیر صنعت

جمعہ 24 ستمبر 2021 16:30

پنجاب صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے،   ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،صوبائی وزیر  صنعت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2021ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سردارعثمان بزدار کی قیاد ت میں یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے صوبائی حلقہ 151کے دورہ اور جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے موقع پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

صوبائی وزیر نے لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور ترقیاتی مسائل پر بات چیت کی۔میاں اسلم اقبال نے کہاکہ صوبہ کے تمام علاقوں میں اربوں روپے کی ترقیاتی سکیمیں تیزی سے مکمل کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے، پنجاب کے ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جنگ کرپٹ مافیا سے ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف جنگ میں جیت عوام کی ہوگی،عوامی مفادات کو نقصان پہنچانے والا ہر کرپٹ مافیا انجام کو پہنچے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں نے غریب عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے بت بے نقاب کیے ہیں،سابق حکمرانوں کی لوٹ مارکی کہانیاں زبان زد عام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں نے غریب طبقات پر ظلم کیا ، لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کر کے عوام کی فلاح پر خرچ کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مفاد عامہ اور عوام کو ریلیف کی فراہمی میں حائل مافیا کو شکست دیں گے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن سے پاک نیا پاکستان کی منزل قریب تر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں