وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا 7واں اجلاس، لاہور اور باکو کو جڑواں شہر قرار دیا جائیگا

بادشاہی مسجد کو محکمہ اوقاف سے والڈ سٹی اتھارٹی کے دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ، بھاٹی گیٹ کی تاریخی حیثیت میں بحالی کی اصولی منظوری

جمعہ 24 ستمبر 2021 22:02

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا 7واں اجلاس، لاہور اور باکو کو جڑواں شہر قرار دیا جائیگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا 7واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آثار قدیمہ اور تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے مختلف پراجیکٹس پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی 3 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور اور آذربائیجان کے تاریخی شہر باکو کو جڑواں شہر قرار دیا جائے گا اور اس ضمن میں نومبر میں لاہور میں باقاعدہ تقریب منعقد ہوگی۔ اجلاس میں بادشاہی مسجد کو محکمہ اوقاف سے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے دائرہ کار میں لانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھاٹی گیٹ کی تاریخی حیثیت میں بحالی کے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی بادشاہی مسجد سمیت 10 تاریخی مزارات کی تزئین و آرائش کرے گی ۔

(جاری ہے)

بی بی پاکدامن، حضرت بہاؤالدین زکریاؒ ، حضرت شاہ رکن عالمؒ، حضرت شاہ شمس تبریزؒاورخواجہ غلام فریدؒ کے مزارات کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ لاہور ، سیالکوٹ ، ملتان ، راولپنڈی، مری سمیت دیگر شہروں میں تاریخی عبادت گاہوں کو بحال کیا جائے گا اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اقلیتی عبادت گاہوں کی عمارتوں کی بحالی کا کام کرے گی۔ والڈ سٹی اتھارٹی لاہور، بہاولپور ، ملتان ، مریدکے اور فیصل آباد میں دلکش سٹی کے پراجیکٹ کرے گی۔

لاہور کے تاریخی بریڈلے ہال اور برکت علی خان ہال کو تعمیر و مرمت اور بحالی کے بعد کھول دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ہدایت کی کہ روشنائی گیٹ کو عوام کیلئے کھولنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے سرگودھا کے ڈپٹی کمشنر آفس کی 100سالہ عمارت کو محفوظ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ستگرہ، اوکاڑہ میں میر چاکر اعظم رند کے مزار کی بحالی کے کام کو مزید تیز کیا جائے اور مزار سے ملحق پارک، میوزیم اور شاپس بھی قائم کی جائیں۔

اجلاس میں ہیرٹیج انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ماسٹر کنزرویشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور رم مارکیٹ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی کارکردگی کی تعریف کی۔

ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی 6 پراجیکٹ مکمل کر چکی ہے جبکہ 50 کروڑ کے 10 پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں اور اندرون لاہور میں بوسیدہ تاریخی عمارتوں کی بحالی سمیت 4 منصوبے بھی جاری ہیں ۔ بریفنگ میں مزید بتاگیا کہ فرانس کے تعاون سے 4 ارب روپے کی لاگت سے ڈرینج سسٹم کو بحال کیا جائے گا۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ژوب،مردان اور مظفر آبادمیں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پراجیکٹ مکمل کرے گی۔ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، چیئرپرسن ہیرٹیج کنزرویشن بورڈ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی یوسف صلاح الدین ، ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری،کمشنر لاہور ڈویژن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز اوقاف، اطلاعات، آغا خان کلچرل سروسز پاکستان کے کنسلٹنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں