بلوچستان ميں طلباء کی بات سننے کی بجائے تشدد اور گرفتاری سفاکیت ہے، مریم نواز

طلباء بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں، عدالتی حکم پر طلباء کی رہائی خوش آئند ہے، طلباء کی بات سن کر انہیں جائز حق دیا جائے۔ مرکزی نائب صدر(ن) لیگ کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 ستمبر 2021 18:35

بلوچستان ميں طلباء کی بات سننے کی بجائے تشدد اور گرفتاری سفاکیت ہے، مریم نواز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بلوچستان ميں طلباء کی بات سننے کی بجائے تشدد اور گرفتاری سفاکیت ہے، طلباء بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں، عدالتی حکم پر طلباء کی رہائی خوش آئند ہے، طلباء کی بات سن کر انہیں جائز حق دیا جائے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بلوچستان ميں بھیک نہیں اپنا حق مانگنے والے طلباء کی بات سننے اورسمجھنے کی بجائے تشدد اور گرفتاری سفاکی ہے۔

عدالتی حکم پر طلباء کی رہائی خوش آئند ہے لیکن حکومتی سلوک شرمناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ توجہ سے ان طلباء کی بات سنی اور سمجھی جائے اور ان کا جائز حق ان کو دیا جائے۔ دوسری جانب جمعیت طلبا اسلام ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد موسی و دیگر نے بھی اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ بلوچستان حکومت کا میڈیکل کے نہتے طلبا پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دو ہفتوں سے ملک کے سارے میڈیکل کے طلبا و طالبات پی ایم سی کے انٹری ٹیسٹ میں بے قاعدگیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ جن کا کوئی پرسان حال نہیں اور اسی وقت پر بلوچستان پولیس کا طلبا کو گرفتار فائرنگ اور شلنگ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کچھ ضلعوں میں موبائل سروس نہ ہونے کے برابر ہے اسی حال میں پی ایم سی کا طلبا سے آن لائن انٹری ٹیسٹ لینا غریب طلبا کے ساتھ زیادتی ہے۔

بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین قاسم علی گاجزئی نے کہا کہ بلوچستان کے نااہل کرپٹ صوبائی حکومت نے طلباء و طالبات پر تشدد کرکے آمریت کی بد ترین یاد تازہ کردی ہے کسی بھی معاشرے میں پرامن احتجاج طلباء کا بنیادی حق ہے، بلوچستان بار کونسل طلباء کے اس جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے بیان میں مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار طلباء کو رہا کرے ان کے خلاف دائر مقدمات کو واپس لے طلباء پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور پی ایم سی ملک بھر میں ایک دن ٹیسٹ کو یقینی بنائے چیف جسٹس بلوچستان اس واقعے کا فوری نوٹس لے بلوچستان بار کونسل نے طلباء کے اوپر لاٹھی چارج اور انہیں گرفتار کرنے کے خلاف کل 25 ستمبر کو بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں