آرمی ایکٹ کی حمایت، مریم نواز کے بیان کے بعد 4 اہم رہنما پارٹی چھوڑنے کے لیے تیار ہو گئے تھے

نائب صدر ن لیگ کے بیان پر کچھ پارٹی رہنماؤں نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لندن فون کیا کہ ہمیں اپنے راستے الگ کرنے دیں۔ سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 28 ستمبر 2021 14:15

آرمی ایکٹ کی حمایت، مریم نواز کے بیان کے بعد 4 اہم رہنما پارٹی چھوڑنے کے لیے تیار ہو گئے تھے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 ستمبر 2021ء) سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی وجہ سے ن لیگ کے 4 اہم ترین رہنما پارٹی چھوڑنے لگے تھے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب مریم نواز نے آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے حوالے سے بیان دیا تھا کہ ’میں اس گناہ میں شامل نہیں تھی‘، تو اس وقت پارٹی کے چار اہم ترین رہنما پارٹی چھوڑنے کے لیے تیار ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی حمایت کرنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کا تھا۔نوازشریف اور شہباز شریف نے یہ فیصلہ کیا تھا جب کہ مریم نواز کو بھی معلوم تھا۔اس فیصلے میں مریم نواز کی بھی مرضی شامل تھی، ووٹ تو وہ اس لیے نہیں دے سکیں کیونکہ وہ نااہل تھیں۔

(جاری ہے)

اب کیا کل کی بچی نے ہمیں سیاست سکھانی ہے۔ایسی ہی صورتحال میں تو حمزہ شہباز کو بولنا پڑا اور انہوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ پارٹی قیادت کا تھا۔

مریم نواز نے پارٹی کے دو لوگوں کو فون کرکے کہا کہ آپ حمزہ شہباز کے بیان کی نفی کرتے ہوئے کہیں کہ ہمیں اس فیصلے کی حمایت کے لیے مجبور کیا گیا تھا۔عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ چار پارٹی رہنماؤں نے مریم نواز کے بیان پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے لندن فون کیا اور کہا کہ ہمیں اپنا راستہ الگ کرنے دیں۔
۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے ایک اہم بیان دیا تھا جس نے تہلکہ مچا دیا تھا۔

عدالت پیشی کے موقع پر صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ ایک ایکسٹینشن پہلے دی گئی تھی اور اب چئیرمین نیب کو دی جا رہی ہے اس پر کیا کہیں گی؟ جس کے بعد جواب میں مریم نواز نے کہا کہ پہلی والی ایکسٹینشن کے گناہ میں شریک نہیں تھی۔ صحافی نے پوچھا کہ مسلم لیگ ن نے ووٹ تو دیا تھا جس پر مریم نواز نے جواب دیا میں اُس مسلم لیگ ن میں نہیں تھی۔مریم نواز کے اس بیان نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، اسی حوالے سے ترجمان مریم نواز محمد زبیر کا بھی ردِعمل آیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نے کے رہنما محمد زبیر کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مریم نواز کا بیان بالکل واضح ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں