وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے حسان خاور کی ملاقات، فلاح عامہ کے حکومتی اقدامات بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت

اپوزیشن پراپیگنڈا کرکے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی،یہ منفی سیاست کی خاطر ملکی مفادات سے کھیل رہی ہے‘ سردار عثمان بزدار ناکام جلسوں کے بعد اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، مریم نواز اور بلاول پہلے اپنا اور اپنے بڑوں کا حساب دیں‘حسان خاور

پیر 18 اکتوبر 2021 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فلاح عامہ کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈا کرکے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔

حکومت کو عوام کے مسائل کا احساس ہے اور انشاء اللہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کرنا قومی مفادات کے منافی ہے اور اپوزیشن صرف اپنی منفی سیاست زندہ رکھنے کی خاطر ملکی مفادات سے کھیل رہی ہے۔ان عناصر کو یاد رکھنا چاہیئے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ معاون خصوصی حسان خاور نے اس موقع پر کہا کہ ناکام جلسوں کے بعد اپوزیشن عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

مریم نواز اور بلاول پہلے اپنا اور اپنے بڑوں کا حساب دیں۔الزامات برائے الزامات کی سیاست کرنا اپوزیشن کا وطیرہ رہا ہے۔ پاکستان کو الزامات کی سیاست سے آگے نہیں لے جایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن یاد رکھے کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں