وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی عید میلادالنبی ؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد

پیر 18 اکتوبر 2021 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدمیلاد النبیؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباددی ہے اور اپنے پیغام میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمدؐ خاتم النبیین اور رحمت اللعالمین ؐ ہیں۔اللہ تعالیٰ نے حضرت محمدؐ کو تا قیامت تمام انسانو ںکی رہنمائی اور کامیابی کیلئے مبعوث فرمایا۔

حضرت محمدؐ کی نبوت اہل ایمان کیلئے اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے۔رسول اللہؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔حضرت محمدؐ سے محبت کا عملی تقاضا ان کی سیرت اور احکامات کی پیروی کا متقاضی ہے۔حضرت محمدؐ نے جہالت کے گھٹاٹوپ اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو ایمان کی روشنی میں لا کھڑا کیا۔

(جاری ہے)

نبی کریمؐ کی ولادت کی گھڑیاں انسانی زندگی کے روشن ترین لمحات ہیں۔

حضرت محمدؐ کی تعلیمات سے حریت فکر اور مساوات کا دور شروع ہوا۔آپؐ کی آمد سے انسانیت پر علم و عرفان اور آگاہی کے در کھل گئے۔نبی کریمؐ نے اخلاقیات کی برائیوں سے مبرا فقیدالمثال معاشرہ قائم کیا۔عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل سیرت النبیؐ میں پنہاں ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سیرت النبیؐ کو پورے طور پر اپنانا ہی اللہ کے نبی سے محبت کا حقیقی طریقہ ہے۔

نبی کریمؐ پوری کائنات کیلئے محسن بن کر آئے۔ حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔ نبی آخرالزماںؐ نے امن،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ آج ہم پیارے نبی کریمؐ کی تعلیمات کو بھلا چکے ہیںاور یہی ہمارے زوال کی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے اسوہ حسنہؐ پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونا ہوگا کیونکہ حضوراکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم ،زیادتی،ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں