اللہ کے نبی ؐ کی شان او رذکر ہمیشہ بلند تھا، ہے اور رہے گا:عثمان بزدار

عالمی مشائخ و علماء کانفرنس کاانعقاد خوش آئند ہے ، نبی کریم حضرت محمدؐ سے ہماری محبت ہر خوف سے بالاتر ہے علماء و مشائخ محراب و منبر کے ذریعے لوگوں کو سیرت النبیؐ پرعملدرآمد اور اسوہ حسنہ ؐ اپنانے کی ہدایت وتلقین کریں

پیر 18 اکتوبر 2021 21:02

اللہ کے نبی ؐ کی شان او رذکر ہمیشہ بلند تھا، ہے اور رہے گا:عثمان بزدار
لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ علماء اور مشائخ کا احترام ہماری روایات کا حصہ ہے۔ علمائے کرام کے فیوض و برکات کا فیضان ہے کہ اللہ تعالیٰ مشکلات کو آسان فرما دیتے ہیں۔ قیام پاکستان سے قبل اور قیام پاکستان کے بعد علماء اور صوفیاء کرام نے دین کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ علماء و مشائخ نے ملک و قوم کو جب بھی ضرورت پڑی اپنی خدمات پیش کیں اور مشکل حل کرنے کے لئے بھرپورکردار ادا کیا اور آج ہم یہاں ایک عظیم مقصد کیلئے موجودہیں۔

عشرہ شانِ رحمت اللعالمینؐ منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے محبوب اور ہمارے پیارے نبی کریم حضرت محمدؐ سے ہماری محبت ہر خوف سے بالاتر ہے۔ نبی کریم ؐ کی ذات اقدس کو اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں صفاتی ناموں کے ساتھ بیان کیا اور تاقیامت ان کے ذکر کوبلند کرنے کا وعدہ کیاہے۔

(جاری ہے)

اللہ کے نبی ؐ کی شان او رذکر ہمیشہ بلند تھا، ہے اور رہے گا۔

حضرت محمدؐ کی عظمت انسانی فہم و فراست سے بالاتر ہے۔ سورہ آل عمران میں اللہ تعالیٰ نے خود فرما یا کہ ’’درحقیقت اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان پر یہ بہت بڑا احسان کیا ہے کہ ان کے درمیان خود انہی میں سے رسولؐ مبعوث فرمایا جو اللہ تعالیٰ کی آیات انہیں سناتا ہے اوران کا تزکیہ کرتا ہے اورانہیں کتاب حکمت کی تعلیم دیتا ہے‘‘۔ وہ آج مقامی ہوٹل میں محکمہ اوقاف حکومت پنجاب کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں عالمی مشائخ و علماء کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں عالمی مشائخ و علماء کانفرنس کاانعقاد خوش آئند ہے اور میں کانفرنس میں شریک مہمانوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ حکومت پنجاب کے زیر اہتمام عالمی مشائخ و علماء کانفرنس میں دیگر مذاہب کے سکالر ز بھی تشریف لائے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گزشتہ برس شان رحمت اللعالمینؐ سے منسوب سکالر شپ پروگرام کا اجراء کیا اور اب تک ذہین اور نادار طلباء کو 27کروڑ38لاکھ روپے کے 10574سکالر شپ دیئے جاچکے ہیں جبکہ رواں سال83کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 29142سکالر شپ دیئے جا رہے ہیں۔

رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کو ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور،غازی یونیورسٹی ڈی جی خان، اوکاڑہ یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد،یونیورسٹی آف چکوال اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں ’’سیرت چیئر‘‘ قائم ہوچکی ہے۔سیرت چیئر کے تحت محققین کو ریسرچ کے لئے معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صوبہ بھر میں عشرہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات اورمحافل جاری ہیں۔یہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کے لئے حکومتی سطح پر عاجزانہ کاوشوں کا آغاز ہے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہو ں کہ آئندہ ہر برس عشرہ شانِ رحمت اللعالمینؐ پہلے سے زیادہ تزک و احتشام سے منایا جائے گا۔ وزیراعظم عمرا ن خان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتاہوں جنہوں نے پہلی مرتبہ ملک بھر میں سرکاری سطح پرعشرہ شانِ رحمت اللعالمینؐ منانے کی شاندار روایت کا آغاز کیا۔

انشاء اللہ شان رحمت اللعالمینؐ منانے کی شاندار روایت کومزید آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میری مشائخ عظام اور علمائے کرام سے استدعا ہے کہ آپ لوگ محراب و منبر کے امین ہیں۔ محراب و منبر کے ذریعے نبی کریمؐ کا ذکر خوب بلند کیجیے اور لوگو ں کو سیرت النبیؐ پرعملدرآمد اور اسوہ حسنہ ؐ اپنانے کی ہدایت وتلقین کیجئے۔

صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن شاہ، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اور سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید نے بھی عالمی مشائخ و علماء کانفرنس سے خطاب کیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام کے علاوہ معروف بین الاقوامی علمائے کرام، مشائخ عظام اور دیگر مذاہب کے ممتاز سکالرز نے عالمی مشائخ و علماء کانفرنس میں شرکت کی۔ عالمی مشائخ و علماء کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ کانفرنس کے اختتام پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیرت طیبہ پر کتابیں لکھنے اور نعت خوانی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں نقد انعامات اور ایوارڈز تقسیم کئے اور کانفرنس کے آخر میں خصوصی دعا کرائی گئی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں