احد چیمہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت پانچ نومبر تک ملتوی

بدھ 20 اکتوبر 2021 19:43

احد چیمہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت پانچ نومبر تک ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2021ء) لاہور کی احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت پانچ نومبر تک ملتوی کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت طریقہ شہادت پر فریقین کے وکلا کو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے کیس پرسماعت کی۔بدھ کے روز عدالتی سماعت پر احد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔

عدالت میں نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے دو گواہان کو پیش کیا گیا تو احد چیمہ کے وکیل نے اعتراض عائد کیا کہ ترمیمی نیب آرڈیننس کے تحت گواہان کے بیانات عدالت کے سامنے ویڈیو ریکارڈنگ کے تحت ریکارڈ کیے جائیں گے۔ ملزم احد چیمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت میں بیانات ریکارڈنگ کیلئے آلات نصب نہیں ہیں جب تک آلات نصب نہ ہو جائیں تب تک بیان ریکارڈ نہ کیے جائیں۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو کسی گواہ کا بیان قلمبند نہ ہوسکا ۔عدالت نے کیس کی سماعت پانچ نومبر تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پرنیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت طریقہ شہادت پر فریقین کے وکلا کو دلائل پیش کرنے کے لئے طلب کر لیا۔ اس کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے اوراحد چیمہ کے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کر رکھا ہے۔

عدالت میں اب تک23 گواہان اپنے بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔ نیب ریفرنس کے مطابق احد چیمہ نے اندرون و بیرون ملک اربوں روپے کے ناجائز اثاثہ جات بنائے ،انہوں نے فیملی ممبران کے نام بے نامی جائیدادیں بنائیں، احد چیمہ کے اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو600 ملین کے قریب ہے ،انہوں نے اہلیہ صائمہ احد، والدہ نصرت افزا، بھائی احمد سعود اور بہن سعدیہ منصور کے نام جائیدادیں بنائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں