وزیراعلیٰ پنجاب کی یونیورسٹی اساتذہ و ملازمین کیلئے خصوصی الاؤنس کی اصولی منظوری

یونیورسٹی ملازمین کو ڈسپیرٹی ریڈیکشن الاؤنس دیا جائے گا، الاؤنس کے حوالے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری، یونیورسٹیز کے دیگرمعاملات کو بھی بہتر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 20 اکتوبر 2021 19:39

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب نے یونیورسٹی اساتذہ و ملازمین کیلئے خصوصی الاؤنس کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کو ڈسپیرٹی ریڈیکشن الاؤنس دیا جائے گا، الاؤنس کے حوالے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں، یونیورسٹیز کے دیگر معاملات کو بھی بہتر بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرزکے وفد نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسٹیز سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع کی مناسبت سے یونیورسٹیز کے ملازمین او راساتذہ کے لئے ڈسپیرٹی ریڈیکشن الاؤنس(Disparity Reduction) کی اصولی منظوری دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

الاؤنس کے حوالے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں- انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کے دیگر معاملات کو بھی بہتر بنائیں گے۔ پنجاب میں سمارٹ یونیورسٹی کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں - ہر ضلع میں معیاری یونیورسٹی کا قیام ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین ؐ  کی ذات اقدس پر ریسرچ کے لئے 6 یونیورسٹیز میں سیرت چیئرز قائم کر دی ہیں - سیرت چیئرز کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہائرایجوکیشن پر پورا فوکس ہے-پنجاب حکومت اعلی تعلیم کے فروغ کے لئے آپ کو پورا سپورٹ کرے گی۔ وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والوں میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، وائس چانسلر پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاکر، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی اوکاڑہ ڈاکٹر محمود سلیم اور وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر نوید اے چودھری شامل تھے۔

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی لاہور، رجسٹرار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں