گورنراسٹیٹ بینک ہمیں کونسی معیشت پڑھا رہے ہیں، روپیہ کمزور ہونے سے معاشی بے یقینی بڑھے گی. احسن اقبال

ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کچھ لوگوں کو نقصان اور کچھ کو فائدہ ہو رہا ہے جن لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے ان کو نہیں بھولنا چاہیے.گورنر اسٹیٹ بنک کی مانچسٹرمیں پریس کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 اکتوبر 2021 15:08

گورنراسٹیٹ بینک ہمیں کونسی معیشت پڑھا رہے ہیں، روپیہ کمزور ہونے سے معاشی بے یقینی بڑھے گی. احسن اقبال
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اکتوبر ۔2021 ) مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ گورنراسٹیٹ بینک رضاباقر ہمیں کونسی معیشت پڑھا رہے ہیں، روپیہ کمزور ہونے سے معاشی بے یقینی بڑھے گی. لاہور میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کا ایٹم بم چلایا ہے ابھی مزید بم چلیں گے، معاشی استحکام کے بغیر کوئی سرمایہ کار پاکستان کا رخ نہیں کرے گا عالمی سرمایہ کاری کیلئے ہمیں پرکشش پالیسیاں بنانا ہوں گی.

احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم موجودہ معاشی پالیسیوں کیخلاف احتجاج کرنے جا رہی ہے ہمارے احتجاج کا پروگرام ملک بھر میں چلے گا احتجاج کی حتمی منزل اسلام آباد ہوگی.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نظام کو مذاق بنا دیا گیا ہے احتساب گردی کے ذریعے جھوٹے مقدمے بنائے جا رہے ہیں حکومت اپوزیشن سے خوف زدہ ہے. انہوں نے کہا کہ لندن کی عدالتوں نے سارے الزامات ردی کی ٹوکری میں پھینک دیئے لندن کی عدالتوں کے فیصلوں سے انہیں تو شرمندہ ہونا چاہیے واضح رہے کہ مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی مصنوعی ہے، جلد قابو پا لیں گے، ملکی زرمبادلہ ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پرہیں، برآمدی چیزیں خریدنے والوں کو زیادہ مہنگائی محسوس ہوئی ہے.

ان کا کہنا تھا کہ جی ڈی پی گروتھ گزشتہ مالی سال تقریباً چارفیصد رہی اور اس حساب سے مہنگائی کے مقابلے میں عوام کی آمدنی میں بھی 4فیصد اضافہ ہوا ہے. گورنرا سٹیٹ بینک نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کچھ لوگوں کو نقصان اور کچھ کو فائدہ ہو رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے جن لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے ان کو نہیں بھولنا چاہیے.

انہوں کہاکہ نے بیرون ملک پاکستانی جب اپنے گھروالوں کو پیسے بھیجتے ہیں تو ڈالر کی قیمت اوپر جانے سے ان کے پیسے بڑھ جاتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ایکسچینج ریٹ بڑھنے سے اشیاکی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، لیکن روپے کی قدر گرنے سے اوورسیز پاکستانیز کو فائدہ بھی پہنچا ہے. گورنرا سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مصنوعی مہنگائی پر جلد قابو پا لیا جائے گا آئی ایم ایف سے کوئی ایسامعاہدہ نہیں کریں گے جس سے ملکی معیشت کونقصان ہو رضا باقر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں چل رہے ہیں آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کی تفصیلات سب کے سامنے آئیں گی ان کا کہنا تھاکہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں امید ہے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکل جائیں گے.


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں